اسپتالوں میں پان، گٹکا، چھالیہ اور تمباکو کے استعمال پر پابندی عائد

اسٹاف رپورٹر  ہفتہ 25 جنوری 2020
 خلاف ورزی کرنے والے ملازمین کو ایک ہزار روپے جرمانہ عائد اور انھیں شوکازنوٹس جاری کیا جائے گا،ڈاکٹر سلمیٰ کوثر

 خلاف ورزی کرنے والے ملازمین کو ایک ہزار روپے جرمانہ عائد اور انھیں شوکازنوٹس جاری کیا جائے گا،ڈاکٹر سلمیٰ کوثر

کراچی: بلدیہ عظمیٰ کراچی کے اسپتالوں میں پان، گٹکا، چھالیہ اور تمباکو کے استعمال پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کرلیا گیاہے، ڈاکٹروں سمیت طبی و نیم طبی عملے، تیمارداروں کو تمباکو کے استعمال پر جرمانہ کیا جائے گا۔

تفصیلات کے مطابق سرکاری اسپتالوں میں صفائی کی صورتحال کے پیش نظر تمباکو کے استعمال پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا، پان کی پیکوں سے رنگین سرکاری اسپتالوں کی دیواریں اس بات کا ثبوت ہیں کہ اسپتالوں میں گٹکا اور تمباکو کثرت سے استعمال کیا جارہا ہے جس میں اسپتال ملازمین بھی شامل ہیں، بلدیہ عظمیٰ کراچی نے ماتحت اسپتالوں میں ہر طرح کے تمباکو کے استعمال پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

بلدیہ عظمیٰ کراچی کی سینئر ڈائریکٹر ہیلتھ اینڈ میڈیکل سروسز ڈاکٹر سلمیٰ کوثر کاکہنا ہے کہ میئر کراچی وسیم اختر کی ہدایت پر بلدیہ عظمیٰ کے ماتحت تمام اسپتالوں میں پان، گٹکا، چھالیہ اور تمباکو نوشی پر پابندی عائد کر دی ہے ابتدائی طور پر خلاف ورزی کرنے والے ملازمین کو ایک ہزار روپے جرمانہ عائد کیا جائے گا اور شوکاز نوٹس جاری کیا جائے گا، اس حوالے سے تمام اسپتالوں کی انتظامیہ کو احکام دے دیے گئے ہیں جن پر سختی سے عمل کرنے کا کہا گیا ہے، کوشش ہے کہ تمام اسپتالوں میں فیصلے پر عمل درآمد یقینی بنائیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔