محمود آباد، گھر کے اندر گیس لیک ہونے سے دھماکا، ایک شخص ہلاک، 3 زخمی

اسٹاف رپورٹر  منگل 28 جنوری 2020
دھماکے سے آس پاس کے گھروں کی دیواروں میں بھی دراڑیں پڑ گئیں ، کھڑکیوں کے شیشے ٹوٹ کر چکنا چور ہوگئے

دھماکے سے آس پاس کے گھروں کی دیواروں میں بھی دراڑیں پڑ گئیں ، کھڑکیوں کے شیشے ٹوٹ کر چکنا چور ہوگئے

کراچی: محمود آباد ٹی پی ٹو میں مکان میں خوفناک دھماکے سے علاقہ لرز اٹھا علاقہ مکین خوف زدہ ہو کر گھروں سے باہر نکلے تو ایک مکان کا ملبہ سڑک پر بکھرا ہوا دکھائی دیا۔

تفصیلات کے مطابق بلوچ کالونی کے علاقے محمود آباد ٹی پی ٹو میں مکان میں خوفناک دھماکے سے پورا علاقہ لرز اٹھا۔ علاقہ مکین خوفزدہ ہو کر گھروں سے باہر نکلے تو انھیں ایک مکان  تباہ دکھائی دیا جس کا ملبہ سڑک پر بکھرا پڑا تھا جس پر مکینوں نے فوری امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔

پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری نے موقع پر پہنچ کر علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور دھماکے سے متاثرہ افراد کو جناح اسپتال منتقل کیا، جناح اسپتال کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر سیمی جمالی نے بتایا کہ دھماکے سے متاثرہ ہونے والوں میں سے ایک شخص مردہ حالت میں لایا گیا جس کی شناخت 42 سالہ کانتی راجہ ولد چمن لال کے نام سے ہوئی ہے۔ دیگر زخمیوں میں 35 سالہ عمیر قریشی ولد ابراہیم قریشی اس کی اہلیہ 28 سالہ صدف اور 65 سالہ نسیم بانو زوجہ عابد حسین کو ابتدائی طبی امداد کے بعد سول اسپتال برنس وارڈ منتقل کر دیا گیا۔

ڈی ایس پی بلوچ کالونی رانا صادق نے بتایا کہ دھماکا گراؤنڈ پلس تین منزلہ مکان کے گراؤنڈ فلور پر گیس لیکیج کے باعث کچن میں ہوا جس میں مکان بری طرح سے متاثر ہوا اور اس کا ملبہ گلی میں بھی پھیل گیا،ایس ایچ او بلوچ کالونی احسان چنہ نے بتایا کہ ہلاک ہونے والا کانتی راجہ اور زخمی ضعیف خاتون گلی سے گزر رہے تھے،ہلاک ہونے والے شخص کے اوپر دیوار گری تھی جس کے ملبے تلے وہ دب گیا تھا،علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ دھماکا اتنا شدید تھا کہ پورا علاقہ لرز گیا اور اس کی آواز دور تک سنائی دی جبکہ دھماکے سے آس پاس کے گھروں کی دیواروں میں بھی دراڑیں پڑ گئیں۔

کھڑکیوں کے شیشے چکنا چور ہوگئے  جس گھر میں دھماکا ہوا اس کی دیواریں ملبے کا ڈھیر بن گئیں، دیگر سامان نہ صرف گھر میں بلکہ گلی میں بھی آکر گرا، ایس ایچ او احسان چنہ کا کہنا ہے کہ واقعے کی اطلاع ملتے ہی فوری طور پر بم ڈسپوزل اسکواڈ کو طلب کرلیا گیا تھا جس نے متاثرہ مکان کا معائنہ کرنے کے بعد ابتدائی رپورٹ میں بتایا کہ گھر سے بارودی مواد کے کوئی شواہد نہیں ملے۔

کمپنی کو گیس لیک  ہونے کی شکایت کے باوجود کارروائی نہیں کی گئی، سعید غنی

وزیر اطلاعات سعید غنی نے محمود آباد میں گیس لیک ہونے سے ہونے والے دھماکے سے متاثرہ گھر کا دورہ کیا اور واقعے کی مکمل تحقیقات کیلیے کمشنر کراچی کو ہدایا ت جاری کیں، سعید غنی نے کہا کہ اہل علاقہ نے چار دن پہلے گیس لیک ہونے کی شکایت سوئی سدرن گیس کمپنی کو کی تھی مگر کوئی کارروائی عمل میں نہیں لائی گئی۔

صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ بظاہر واقعہ محکمہ سوئی گیس کی غفلت کا نتیجہ لگتاہے، انھوں نے کہا کہ سندھ حکومت اس مشکل گھڑی میں متاثرہ لوگوں کے ساتھ کھڑی ہے، وزیر اطلاعات نے کہا کہ اگر واقعہ محکمہ سوئی گیس کی غفلت کا نتیجہ ثابت ہوا تو ہر ممکن قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔