بزنس کمیونٹی کا رینجرز وپولیس کی کارکردگی پراظہاراطمینان

ٹھوس سیکیورٹی پلاننگ کی وجہ سے محرم الحرام کے حساس ایام میں کراچی پرامن رہا


Business Reporter November 17, 2013
عام دنوں میں بھی ایسے ہی سیکیورٹی اقدامات کیے جائیں، نائب صدر کراچی چیمبر. فوٹو: ایکسپریس / فائل. فوٹو: فائل

کراچی چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری نے یوم عاشور کے موقع پر بہترین سیکیورٹی اقدامات پررینجرز اور پولیس کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ ٹھوس سیکیورٹی منصوبہ بندی کے سبب محرم الحرام کے حساس ایام کے دوران شہر پرامن رہا اور کوئی ناخوشگوار رونما نہ ہوسکا۔ کراچی چیمبرکے نائب صدر محمد ادریس نے کہا یوم عاشورہ کے موقع پر شہر میں امن وامان کی صورتحال کو برقرار رکھنے۔

تمام جلوسوں اور امام بارگاہوں کی سیکیورٹی کویقینی بنانے پر تاجربرادری پولیس اور رینجرز کی کارکردگی پر مطمئن ہے۔ انہوں نے کہا کہ 9اور 10محرم الحرام میں موبائل فون سروس بند رکھنے سے عوام اور تاجر برادری کواگرچہ مشکلات کا سامنا رہا لیکن اس مشکل کا نقصان کسی بھی ممکنہ دہشت گردی اور اس کے شدید ردعمل سے انتہائی کم تھا۔ محمد ادریس نے ایڈیشنل آئی جی کراچی شاہد حیات اور ڈی جی پاکستان رینجرز سندھ میجر جنرل رضوان اختر کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ رینجرز اور پولیس نے تمام تر وسائل کو بروکار لاتے ہوئے سخت سیکیورٹی اقدامات کیے تاکہ عاشورہ کے دوران کوئی ناخوشگوار واقع پیش نہ آئے۔



قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے کیے جانے والے تمام سیکیورٹی اقدامات قابل تعریف ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ درجنوں کنٹینرز جو عاشورہ جلوسوں کے راستوں کو سیل کرنے کے لیے لگائے گئے تھے انہیں بروقت شہر کی مختلف شاہرائوں سے ہٹا دیا جائے تاکہ عوام کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے اور مصروف ترین شاہراہوں پر ٹریفک کی روانی متاثر نہ ہو، یوم عاشورہ کے موقع پرجس طرح قیام امن اور سیکیورٹی اقدامات کیے گئے اگر عام دنوں میں بھی پورے شہر میںرینجرز اور پولیس اسی عزم کا مظاہرہ کریں تو کراچی کومحفوظ بنایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ کراچی آپریشن کو ہر حال میں جاری رکھا جائے۔