نائیجیریا میں سیکیورٹی اہلکار نے جان دیکر خودکش بمبار خواتین کا حملہ ناکام بنادیا

خود کش حملہ آور خواتین مارکیٹ میں داخل ہونا چاہتی تھیں جنہیں سیکیورٹی اہلکاروں نے روک لیا


ویب ڈیسک February 01, 2020
حملہ آور خواتین مارکیٹ میں داخل ہونا چاہتی تھیں جنہیں سیکیورٹی اہلکاروں نے روک لیا، فوٹو : فائل

نائیجیریا میں 2 خود کش بمبار خواتین نے سیکیورٹی اہلکاروں کی جانب سے روکے جانے پر خود کو دھماکے سے اُڑالیا جس کے نتیجے میں سیکیورٹی اہلکار سمیت 2 افراد ہلاک اور 5 زخمی ہوگئے۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق نائیجیریا کے ایک مصروف بازار میں 2 مشکوک خواتین نے داخل ہونے کی کوشش کی جس پر وہاں موجود سیکیورٹی اہلکاروں نے انہیں روک لیا اور تلاشی لینے کی کوشش کی، اس دوران دونوں خواتین نے خود کو دھماکے سے اُڑا لیا۔

دھماکے کی زد میں آکر ایک سیکیورٹی اہلکار اور ایک شہری ہلاک ہوگیا جب کہ 5 افراد زخمی ہو گئے، ہلاک اور زخمی ہونے والوں کو قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ اگر خود کش حملہ آور مارکیٹ میں داخل ہو جاتیں تو بڑے پیمانے پر تباہی ہوتی اور درجنوں انسانی جانوں کا نقصان ہوتا۔

واضح رہے کہ نائیجیریا میں کئی شدت پسند گروہ حکومت سے برسرپیکار ہیں جس کے باعث امن عامہ کی صورت حال نہایت مخدوش ہے۔ اب خواتین بھی ان شدت پسند جماعتوں کا حصہ بن رہی ہیں۔ رواں برس خاتوں خود کش حملہ آور کی یہ پہلی کارروائی ہے تاہم گزشتہ برس ایسے 5 واقعات رونما ہوئے تھے۔