انڈر 19 ورلڈکپ میں بھارت کیخلاف میچ فائنل کی حیثیت رکھتا ہے، اعجاز احمد

محمد یوسف انجم  پير 3 فروری 2020
بھارت کیخلاف سیمی فائنل جیت کر فائنل بھی اپنے نام کریں گے، انڈر 19 کوچ

بھارت کیخلاف سیمی فائنل جیت کر فائنل بھی اپنے نام کریں گے، انڈر 19 کوچ

 لاہور: قومی انڈر 19 ٹیم کے ہیڈ کوچ اعجاز احمد  کا کہنا ہے کہ بھارت کے خلاف کل ہونے والا سیمی میچ فائنل میچ  فائنل کی حیثیت رکھتا ہے۔

ایکسپریس نیوز سے خصوصی بات کرتے ہوئے انڈر 19 کرکٹ ٹیم کے کوچ اعجاز احمد نے اس عزم کا اظہار کیا کہ بہترین کمبی نیشن اور حکمت عملی کے ساتھ میدان میں اتریں گے، جب سے ٹیم کی ذمہ داری سنبھالی ہے، ایک میچ بھی نہیں ہارے، بھارت کے خلاف میچ کی اہمیت کا سب کو احسا س ہے، لڑکے بہترین پرفارمنس دینے کے لیے تیار ہیں۔

ہیڈکوچ کے مطابق  حیدرعلی اور روحیل نذیر ابھی تک توقعات کے مطابق کھیل پیش نہیں کرسکے، یقین ہے کہ بھارت کے خلاف میچ میں وہ شاندار اننگز کھیلنے میں کامیاب ہوں گے، پورے ٹورنامنٹ میں زبردست پرفارمنس دی ہے،اہم کامیابی سے صرف دو میچ کی دوری پر ہیں، سیمی فائنل جیت کر فائنل بھی اپنے نام کریں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ لڑکوں سمجھایا ہے اس میچ کا پریشر نہیں لینا، عام میچ کی طرح کھیلیں، بھارت کے مقابلے میں ہماری ٹیم کا توازن زیادہ بہتر ہے ، بولنگ میں ہمارے پاس زیادہ وارئٹی ہے، بھارتی اوپنرز کو جلد آوٹ کرنا اہم ہدف  ہوگا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔