بھارت میں ناکام عاشق نے یونیورسٹی لیکچرار کو زندہ جلادیا

خاتون لیکچرار نے شادی شدہ 28 سالہ وکی ناگرے کی محبت کی پیشکش کو ٹھکرادیا تھا


ویب ڈیسک February 03, 2020
محبت کی پیشکش ٹھکرائے جانے پر عاشق نے تیل چھڑک کر آگ لگادی، فوٹو : بھارتی میڈیا

بھارتی ریاست مہاراشٹرا میں محبت کی پیشکش کو قبول نہ کرنے والی کالج لیکچرار کو سفاک عاشق نے زندہ جلا دیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست مہاراشٹر کے علاقے وردہ میں 28 سالہ وکی ناگرے شادی شدہ اور سات ماہ کے بیٹے کا باپ ہونے کے باوجود 25 سالہ لیکچرار سے بار بار اظہار محبت کر رہا تھا تاہم لیکچرار نے کبھی مثبت جواب نہیں دیا۔

وکی ناگرے نے ٹھکرائے جانے پر صبح کالج جاتے ہوئے خاتون لیکچرار کو روکا اور تیل چھڑک کر آگ لگا دی جس کے نتیجے میں وہ بری طرح جھلس گئیں، راہگیروں نے لیکچرار کو اسپتال پہنچایا جہاں دوران علاج دم توڑ دیا۔ پولیس نے وکی ناگرے کو قتل کے مقدمے میں حراست میں لے لیا ہے۔

علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ وکی ناگرے نے لیکچرار کی محبت میں خود کشی کی کوشش بھی کی تھی تاہم لیکچرار نے ہر بار محبت کی پیشکش کو ٹھکرا دیا تھا۔ وہ والدین، اہل محلہ اور کالج انتظامیہ سے وکی ناگرے کے شکایت بھی کرچکی تھی۔