ٹرمپ کے خلاف مواخذے کی تحریک ناکام، تمام الزامات سے بری

ویب ڈیسک  جمعرات 6 فروری 2020
امریکی ٹرمپ کے سر سے خطرے کی گھنٹی ٹل گئی، فوٹو : فائل

امریکی ٹرمپ کے سر سے خطرے کی گھنٹی ٹل گئی، فوٹو : فائل

 واشنگٹن: امریکی سینیٹ میں صدرڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف مواخذے کی تحریک ناکام ہوگئی ہے اورانہیں لگائے گئے تمام الزامات سے بری کر دیا گیا ہے۔

امریکی صدرڈونلڈ ٹرمپ کو امریکی سینیٹ نے دونوں الزامات، اختیارات کے غلط استعمال اورکانگریس کی تحقیقات میں رکاوٹ ڈالنے، سے بری کردیا جس کے بعد ٹرمپ کے خلاف مواخذے کی تحریک اختتام پذیر ہوگئی۔

اس خبرکو بھی پڑھیں:  ٹرمپ نے اپنے مواخذے کی کارروائی کوبغاوت قراردے دیا

برطانوی میڈیا کے مطابق طاقت کے اختیارات کے غلط استعمال کے الزام کی حمایت میں 48 جبکہ مخالفت میں 52 ووٹ پڑے جبکہ ایوانِ نمائندگان کے کام میں مداخلت کرنے کے الزام کی حمایت میں 47 جبکہ مخالفت میں 53 ووٹ آئے۔

اس سے قبل دوامریکی صدوراینڈریوجانسن اوربل کلنٹن کو بھی مواخذے کی کارروائی کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

اس خبر کو بھی پڑھیں: مواخذے کی تفتیش میں شامل نہ ہونے والے آفیسر پر صدر ٹرمپ کی مہربانیاں

دوسری جانب مواخذے کی ناکامی پر ٹرمپ نے ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ مواخذے کے خلاف اس فتح پر کل بیان جاری کروں گا۔

واضح رہے کہ امریکی صدرنے اپنے خلاف مواخذے کی کارروائی کو بغاوت قراردیتے ہوئے کہا تھا کہ مواخذے کا عمل امریکی تاریخ کی خطرناک ترین کارروائی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔