کراچی حصص مارکیٹ میں تیزی 324پوائنٹس کااضافہ

انڈیکس23611پربند،189کمپنیوں کی قیمتیں، مارکیٹ سرمایہ68 ارب روپے بڑھ گیا۔


Business Reporter November 19, 2013
کے ایس ای100 انڈیکس 324.18 پوائنٹس کے اضافے سے23611.24 ہوگیا۔ فوٹو: آن لائن / فائل

ٹرانسپورٹرزکی ہڑتال کے بعد غیرملکیوں سمیت دیگر شعبوں کی بڑھتی ہوئی سرمایہ کاری سے پیرکو کراچی اسٹاک ایکس چینج میں تیزی رہی جس کے نتیجے میں 4 حدیں بیک وقت بحال ہوگئیں۔

تیزی کے باعث 60 فیصد حصص کی قیمتیں بڑھ گئیں جبکہ حصص کی مالیت میں68 ارب65 کروڑ85 لاکھ30 ہزار 417 روپے کا اضافہ ہوگیا، کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای100 انڈیکس 324.18 پوائنٹس کے اضافے سے23611.24 ہوگیا جبکہ کے ایس ای30 انڈیکس 256.96 پوائنٹس کے اضافے سے 17904.72 اور کے ایم آئی30 انڈیکس 772.94 پوائنٹس کے اضافے سے39515.43 ہوگیا۔



کاروباری حجم گزشتہ بدھ کی نسبت 46.85 فیصد زائد رہا اور مجموعی طور پر16 کروڑ 74 لاکھ94 ہزار670 حصص کے سودے ہوئے جبکہ کاروباری سرگرمیوں کا دائرہ کار 316 کمپنیوں کے حصص تک محدود رہا جن میں189 کے بھائو میں اضافہ، 94 کے داموں میں کمی اور33 کی قیمتوں میں استحکام رہا۔