بلدیہ عظمیٰ شہر میں مزید21مقامات پر چارجڈ پارکنگ شروع کرنیکا فیصلہ

کار کیلیے 20 اور موٹر سائیکل کیلیے5روپے وصول کیے جائینگے، نادرا آفس نیوکراچی،کورنگی نمبر6مارکیٹ و دیگر علاقے شامل


Staff Reporter November 19, 2013
محکمہ چارجڈ پارکنگ نے پارکنگ نظام کی بہتری اور ریونیو کی وصولی کیلیے ادارے کے اہلکاروں سے تعاون کی درخواست کردی فوٹو: نور/فائل

بلدیہ عظمیٰ کراچی نے فوری طور پر شہر میں مزید 21 مقامات پر چارجڈ پارکنگ کا نظام شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ان جگہوں پر کار کیلیے پارکنگ فیس 20 روپے اور موٹر سائیکل کیلیے 5 روپے ہوگی، جن مقامات پر چارجڈ پارکنگ کا آغاز کیا جارہا ہے ان میں ہارون شاپنگ مال بفرزون ، یوپی موبائل مارکیٹ نارتھ کراچی، نادرا آفس نیوکراچی، حیدری مارکیٹ کے مقابل روڈ، سید ہاشم رضا روڈ، سر سید روڈ اور حفضہ روڈ نارتھ ناظم آباد، فتح باغ نارتھ ناظم آباد بلاک ایف، سندھ گورنمنٹ اسپتال لیاقت آباد( شریف آباد)، نواب صدیق علی خان روڈ کے دونوں جانب ( گولیمار چورنگی سے لسبیلہ پل اور لسبیلہ پل سے گولیمار چورنگی تک، شاہراہ رشید شامی شہید روڈ گلبرگ (حسین آباد)، اے او کلینک ناظم آباد کے سامنے پارکنگ لاٹ، سروس روڈ بالمقابل چیس اپ سیفی اسپتال نارتھ ناظم آباد بلاک ایف، سروس روڈ حسن اسکوائر سے نیپا تک، کے بیز اور محمد علی سوسائٹی چورنگی،



چیس اپ ( نیپا)، قرطبہ مارکیٹ اور راجو آئس کے اطراف سڑک، ڈیوٹی فری شاپ / نیشنل بینک سے شہید ملت روڈ تک، وحید الدین خان بوری روڈ، کورنگی نمبر6مارکیٹ، فریئر ہال، پٹیل اسپتال گلشن اقبال بلاک4ضلع شرقی کراچی، سروس روڈ اے جی سندھ بلڈنگ (آڈٹ اینڈ اکائونٹس کمپلیکس) کے سامنے نزد نیپاچورنگی اور شاز سپرمارکیٹ اسٹیڈیم روڈ بشمول حسن میڈکل سینٹر کے اطراف شامل ہیں، مذکورہ ضمن میں بلدیہ عظمیٰ کے محکمہ چارجڈ پارکنگ نے عوام الناس اور گاڑی مالکان سے شہر میں پارکنگ نظام کی بہتری اور سرکاری ریونیو کی وصولی کیلیے بلدیہ عظمیٰ کے اہلکاروں سے تعاون کی درخواست کی ہے۔