راولپنڈی ٹیسٹ کے ہیرو نسیم شاہ نے انجری کی تردید کردی

میاں اصغر سلیمی / ویب ڈیسک  پير 10 فروری 2020
اکوئی بڑی انجری نہیں ہوئی اور وہ دو تین دن بعد دوبارہ کرکٹ کھیل سکوں گا، نسیم شاہ

اکوئی بڑی انجری نہیں ہوئی اور وہ دو تین دن بعد دوبارہ کرکٹ کھیل سکوں گا، نسیم شاہ

 راولپنڈی:  راولپنڈی ٹیسٹ کے ہیرو قومی  فاسٹ بولر نسیم شاہ کا کہنا ہے کہ انہیں کوئی بڑی انجری نہیں ہوئی اور وہ دو تین دن بعد دوبارہ کرکٹ کھیل سکیں گے۔

بنگلا دیش کو رالپنڈی ٹیسٹ میں شکست دینے کے بعد مین آف دی میچ کا ایوارڈ حاصل کرنے والے نسیم شاہ سے رمیز راجہ نے انجری کے حوالے سے دریافت کیا تو ان کا کہنا تھا کہ کوئی مسئلے والی بات نہیں ہے ،ایم آر آئی کی رپورٹ بھی آگئی ہے جس میں کوئی مسئلہ نہیں، وہ دو تین دن میں دوبارہ کھیل شروع کردیں گے۔

نسیم شاہ نے کہا کہ اللہ کا شکر ہے کہ اپنے ہوم گراونڈ میں ہیٹ ٹرک کی، جب پہلا ریویو لیا تو ایسا لگا جیسے گیند لیگ سٹمپ سے باہر جا رہی ہے ،دوسرے بلے باز کو بھی یارکر لینتھ پر گیند کروائی جب کہ تیسرے بیٹسمین کو بھی وکٹ میں گیند کرائی، مستقبل میں بھی عمدہ کارکردگی کا سلسلہ جاری رکھنے کی کوشش کروں گا۔

واضح رہے پاکستان نے بنگلادیش کو راولپنڈی ٹیسٹ کے چوتھے روز ایک اننگز اور 44 رنز سے شکست دے دی، کھیل کے تیسرے روز قومی ٹیم کے فاسٹ بولر نسیم شاہ نے عمدہ بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی زندگی کی پہلی ہیٹ ٹرک کی تاہم ہیٹ ٹرک کرکے اگلے اوور میں پسلی میں تکلیف کے باعث گراونڈ سے چلے گئے تھے جس کے بعد انہیں ہسپتال لے جایا گیا اور وہ چوتھے روز گراؤنڈ میں نہیں اترے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔