قائداعظم ٹرافی ملتان نے حیدرآباد کو 8 وکٹ سے ٹھکانے لگادیا

راولپنڈی نے سیالکوٹ کو ہرایا، اسلام آباد نے لاہور اور کوئٹہ نے فیصل آباد کوقابو کیا


Sports Desk November 20, 2013
راولپنڈی نے سیالکوٹ کو ہرایا، اسلام آباد نے لاہور اور کوئٹہ نے فیصل آباد کوقابو کیا، پریذیڈنٹ ٹرافی میں سوئی گیس نے پی آئی اے کو اننگز سے شکست دیدی فوٹو: فائل

ISLAMABAD: قائداعظم ٹرافی میں ملتان نے حیدرآباد کو 8 جبکہ راولپنڈی نے سیالکوٹ کو 4 وکٹ سے ٹھکانے لگا دیا۔

اسلام آباد نے لاہور شالیمار کو 181 اور کوئٹہ نے فیصل آباد کو 121رنز سے قابو کیا، پریذیڈنٹ ٹرافی گریڈ ون میچز کے تیسرے دن سوئی ناردرن گیس نے پی آئی اے کو اننگزاور46 رنز کی ناکامی سے دوچار کردیا، یوبی ایل کیخلاف حبیب بینک کو شکست کا خطرہ درپیش ہے، عابدعلی نے یونائیٹڈ بینک کیلیے 205 کی ناقابل شکست کھیلی۔ تفصیلات کے مطابق قائد اعظم ٹرافی کے چوتھے رائونڈ میں ملتان نے حیدرآباد کیخلاف فتح کیلیے ملنے والا 58 کا آسان ہدف 15.3 اوورز میں2وکٹ پر حاصل کرلیا۔ راولپنڈی کیخلاف پہلی اننگز میں 29رنز کا خسارہ پانے والی سیالکوٹ کی ٹیم دوسری باری میں 214رنز بناکر آئوٹ ہوگئی، سلمان علی68 رنز بناکر نمایاں رہے، نصیر ملک، بابر نعیم اور حسیب اعظم نے 3،3 کھلاڑیوں کو قابوکیا، راولپنڈی نے فتح کیلیے درکار 186رنز 6 وکٹ گنواکر حاصل کرلیے، اویس ضیا79 اور مزمل نظام43رنز بنانے میں کامیاب رہے۔

بلال آصف نے 4 وکٹیں لیں۔ پشاور اور ایبٹ آباد کا مقابلہ ڈرا ہوگیا، پشاور نے دوسری اننگز 3 وکٹ 203 پر ڈیکلیئرڈ کی، افتخار احمد 72 اور عادل امین68 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، 314 کا ہدف پانے والی ایبٹ آباد کی ٹیم نے دوسری کاوش میں 4 وکٹ پر217 رنز بنالیے، محمد نعیم نے 80رنز اسکورکیے،کامران غلام58 پر ناٹ آئوٹ رہے۔لاہور راوی اور بہاولپور کی معرکہ آرائی بھی نتیجہ خیز ثابت نہیں ہوسکی، روای کی دوسری اننگز 319 پر تمام ہوئی، اخلاق بٹ119رنز بناکر میدان بدر ہوئے، عبدالرحمان نے 3 پلیئرز کو آئوٹ کیا، 93رنز کی سبقت رکھنے والی بہاولپورکی ٹیم کو فتح کیلیے 226 کا ہدف ملا لیکن وہ کھیل کے خاتمے تک ایک وکٹ پر 41رنز جوڑپائی۔ اسلام آباد نے لاہور شالیمار کو181 کے واضح مارجن سے ہرایا، 376 کے مشکل ہدف کی تلاش میں سرگرداں شالیمار کی ہمت 56.2 اوورز میں 194رنز پر جواب دے گئی، شہزاد رانا نے 4 وکٹیں لے کر ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا، حمزہ ندیم اور جنید نادر کے حصے میں بھی2،2 وکٹیں آئیں۔



محمد سعید نے 60رنز بناکر کچھ مزاحمت کی۔کوئٹہ نے فیصل آباد کو121رنز سے قابو کرلیا، 331 کا ہدف پانے والی فیصل آباد کی ٹیم 209 پر حوصلہ ہارگئی، گوہر ضیا نے 5اور فیض اللہ نے 4 وکٹیں لیں۔دوسری جانب پریذیڈنٹ ٹرافی گریڈ ون میچز کے تیسرے دن سوئی ناردرن گیس نے پی آئی اے کو اننگزاور46 رنز کی ناکامی سے دوچار کردیا، فاتح ٹیم نے اپنی اولین اننگز 362 پر ختم کی، اعزاز چیمہ نے 6 وکٹیں لیں، 193رنز کے خسارے سے دوچار ہونے والی قومی ایئرلائنزکی ٹیم دوسری کاوش میں بھی 147پر ڈھیر ہوگئی، شاہزر محمد 35 اور شعیب خان31رنز بناکر نمایاں رہے،اسدعلی اور یاسر شاہ نے 3،3 جبکہ عمران علی نے2 وکٹیں لیں۔

اسٹیٹ بینک کیخلاف زیڈ ٹی بی ایل کو کامیابی کیلیے 180 کا ہدف مل گیا،قومی بینک کی دوسری اننگز 272 پر تمام ہوگئی، محمد خلیل نے4 پلیئرز کو پویلین چلتا کیا، زیڈ ٹی بی ایل کو پہلی اننگز میں 92رنز کی سبقت حاصل ہے۔یوبی ایل کیخلاف حبیب بینک کو شکست کا خطرہ درپیش ہے، 424 کا مشکل ہدف پانیو الی ایچ بی ایل کی ٹیم نے 60 پر2 وکٹیں کھودیں، یوبی ایل نے دوسری اننگز386 پر اختتام کی، عابدعلی 205 پر ناقابل شکست رہے، سرمد انور نے 4 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔نیشنل بینک کے 162رنز کے جواب میں واپڈا کی ٹیم 123 پرآئوٹ ہوگئی، ضیا الحق نے 5 اور عطااللہ نے3 پلیئرز کو میدان بدر کیا، این بی پی دوسری باری میں116رنز پر ہمت ہارگئی، رانا نوید نے5 اور سرفراز احمد نے3 پلیئرز کو ٹھکانے لگایا ، کامیابی کیلیے156 کا ہدف پانے والی واپڈا کی ٹیم دوسری باری میں 31 پر 3 وکٹیں گنوابیٹھی۔