عوام کو تشدد میں دھکیلنے والے اسلام اور پاکستان کے دشمن ہیں عمران خان

علما اور سیاسی قیادت بحالی امن،ملک کوعدم استحکام سے بچانے کیلیے کردارادا کرے


Numainda Express November 20, 2013
معصوم شہری ہی تشدد اور نفرت انگیز ایجنڈے کا شکار ہوتے ہیں، چیئرمین تحریک انصاف۔ فوٹو: فائل

تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے قوم سے پرامن رہنے اورملک میں فرقہ وارانہ نفرت اور تشددکو ہوادینے کی کوششوں کو ناکام بنانے کی اپیل کی ہے۔

مرکزی میڈیاسیل سے جاری اعلامیے کے مطابق ان کا کہنا ہے کہ راولپنڈی کے اسپتال میں عاشورہ حادثے میں زخمی ہونے والے شہریوںسے ملاقات کے بعد واضح ہوتا ہے کہ معصوم شہری ہی ہمیشہ پرتشدد اور نفرت انگیز ایجنڈے کا شکار بنتے ہیں۔ اپنے بیان میں تمام مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے علما کو مخااطب کرتے ہوئے چیئرمین تحریک انصاف نے فرقہ وارانہ نفرت کے خاتمے اور امن کی مکمل بحالی کے لیے بھرپور کرداد ادا کرنے کی بھی اپیل کی اور اسلام کی روح کے مطابق برداشت اور مفاہمانہ رویوں کی حوصلہ افزائی کی ضرورت پر زور دیا۔ چیئرمین تحریک انصاف نے ملک کی سیاسی قیادت سے امن کی بحالی اور عوام کو اسلام اورپاکستان کوفرقہ وارانہ تقسیم کے ذریعے بدنام اور غیرمستحکم کرنے کی سازش کاشکار ہونے سے بچانے کے لیے بھرپوراور فعال کردارادا کرنے کی دعوت دی۔



اس کے ساتھ انھوںنے خیبرپختونخوا حکومت سے مقامی علمااور سیاسی قیادت سے روابط کے ذریعے صوبے میں مذہبی، ہم آہنگی کے فروغ اور امن کی مکمل بحالی کے لیے فوری اور موثر کردار ادا کرنے کی ہدایت کی۔ اپنے بیان میں عوام کو تشدد کی جانب دھکیلنے والے عناصر کو اسلام اور پاکستان کادشمن قرار دیتے ہوئے چیئرمین تحریک انصاف نے دشمنی کی تمام سازشیں ناکام بنانے کی ضرورت پر زوردیا۔ حضروسے نمائندہ ایکسپریس کے مطابق تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ راولپنڈی واقعے پرعلمائے کرام اورپاکستانی قوم سمجھ بوجھ سے کام لیتے ہوئے سازشوںکو ناکام بنادے۔