پاکستان میں مہنگائی کم ہوگی اورمعیشت میں بہتری توقعات سے بڑھ کر ہے، آئی ایم ایف

ویب ڈیسک  جمعـء 14 فروری 2020
مہنگائی میں ڈالر کے ایکس چینج ریٹ کے اثرات کم ہونا شروع ہوئے ہیں، آئی ایم ایف. فوٹو: فائل

مہنگائی میں ڈالر کے ایکس چینج ریٹ کے اثرات کم ہونا شروع ہوئے ہیں، آئی ایم ایف. فوٹو: فائل

 اسلام آباد: آئی ایم ایف ہیڈ کا کہنا ہے کہ مہنگائی میں ڈالر کے ایکس چینج ریٹ کے اثرات کم ہونا شروع ہوئے ہیں، پاکستان میں مہنگائی کم ہوجائے گی۔

پاکستان اورآئی ایم ایف کے درمیان مذاکرات کااعلامیہ جاری کردیا گیا جس میں آئی ایم ایف مشن ہیڈ کا کہنا ہے کہ پاکستان سے مذاکرات تعمیری اور مثبت رہے، پاکستان نے اصلاحات پر عمل درآمد کیا، پاکستان کی معیشت میں بہتری توقعات سے بڑھ کر ہے۔

آئی ایم ایف اعلامیے کے مطابق مہنگائی میں ڈالر کے ایکس چینج ریٹ کے اثرات کم ہونا شروع ہوگئے ہیں اور ایکس چینج ریٹ حقیقت کے قریب ہے پاکستان میں مہنگائی کم ہوجائے گی، پاکستان میں مالیاتی خسارہ کم ہوا اور زرمبادلہ کے ذخائر بہتر ہوئے ہیں، محصولات کے بڑھنے کی شرح حوصلہ افزا ہے، آمدن بڑھنے سے سماجی شعبے کے لیے فنڈز بڑھائے گئے۔

اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ مذاکرات کی تکمیل کے بعد جائزہ مشن اپنی رپورٹ آئی ایم ایف بورڈ کو پیش کرے گا، جس کی روشنی میں آئی ایم ایف کا ایگزیکٹو بورڈ 45 کروڑ ڈالر کی اگلی قسط جاری کرنے کی منظوری دے گا، 6 ارب ڈالر میں سے پاکستان کو 1 ارب 44 کروڑ ڈالر پہلے ہی مل چکے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔