پی آئی اے کے فضائی بیڑے میں2جدید بوئنگ طیارے شامل

کم ایندھن خرچ 737-800جہازخلیجی ممالک پروازوں کیلیے استعمال کیے جائیں گے۔


Staff Reporter November 22, 2013
طیاروں کی شمولیت سے پی آئی اے مسافروں کو بہتر سہولتیں اور مزید پروازیں فراہم کرے گی، چیرمین پی آئی اے۔ فوٹو: فائل

پی آئی اے کے فضائی بیڑے میں دو جدید ترین بوئنگ 737-800 طیارے شامل کرلیے گئے۔

ان کم ایندھن خرچ کرنے والے طیاروں کی شمولیت کے بعد پی آئی اے کی کارکردگی اور ریونیو میں اضافہ ہو گا، سیکریٹری ایوی ایشن اورچیئرمین پی آئی اے محمد علی گردیزی نے جناح ٹرمینل کراچی ایئرپورٹ پر طیاروں کامعائنہ کیا، اس موقع پر پی آئی اے کے منیجنگ ڈائریکٹر محمد جنید یونس اور ایئر لائن کے سینئر افسران بھی موجود تھے۔اس موقع پرچیئرمین پی آئی اے محمد علی گردیزی نے کہا کہ ان طیاروں کی شمولیت سے پی آئی اے مسافروں کو بہتر سہولتیں اور مزید پروازیں فراہم کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ کم ایندھن استعمال کرنے والے طیارے خلیجی ممالک اور اندرون ملک پروازوں کے لیے استعمال کیے جائیں گے۔ انہوں نے متعلقہ شعبوں کے افسران کو ہدایات جاری کیں کہ بغیرکسی تاخیر کے ان طیاروں کو فوری طور پر تما م ضروری کاروائیاں مکمل کرکے فضائی آپریشن میں شامل کردیا جائے۔



منیجنگ ڈائریکٹر پی آئی اے محمد جنید یونس نے قومی ایئر لائن کے فضائی بیڑے میں شمولیت کے لیے تعاون کرنے پر چیئرمین پی آئی اے کاشکریہ ادا کیا، بوئنگ 737-800 طیاروں میں اکانومی کلاس کی 189سیٹیں ہیں۔

یہ طیارے ترکی کی کوریڈن ایئر لائن سے لیز حاصل کیے گئے ہیں، مزید دو طیارے چیک ریپبلک کی ٹریول سروسز سے لیز پر آئندہ ہفتے پی آئی اے کے فضائی بیڑے میں شامل ہو جائیں گے، پی آئی اے نے حال ہی میں ٹورنٹو اور کوالالمپورکے لیے اپنی پروازوں کی تعداد میں اضافہ کیا ہے، ان طیاروں کی شمولیت کے بعد قومی ایئر لائن موجودہ منافع بخش روٹس پر پروازوں کی تعداد میں اضافہ کرنے کے علاوہ نئے مقامات کیلیے بھی پروازیں شروع کرے گی۔