وزیراعظم کے مشیر برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر خان نے کہا ہے کہ آٹو اور آٹو پارٹس مینوفیکچرنگ پالیسی 2026-2031 پاکستان کے آٹو موٹیو شعبے میں ایک بڑی تبدیلی کی عکاس ہےجس کے تحت درآمدات پر انحصار کرنے والی محض اسمبلنگ کی صنعت کو برآمدات پر مبنی مینوفیکچرنگ، زیادہ سے زیادہ مقامی تیاری اور عالمی منڈی میں مسابقت کی صلاحیت رکھنے والی ملکی پیداوار میں تبدیل کیا جائے گا اور گاڑیاں بنانے والے اداروں سے 2.72 اب ڈالر برآمدات متوقع ہیں۔
وفاقی وزارت صنعت کے مطابق مشیر صنعت و پیداوار نے کہا کہ یہ پالیسی وزیراعظم شہباز شریف کے برآمدات پر مبنی، خود انحصار اور مسابقتی معیشت کے وژن کی عکاسی کرتی ہے جس میں مقامی صنعت کاروں کو بااختیار بنانے، ملکی سطح پر آٹو پارٹس کی پیداوار مضبوط کرنے، روزگار کے مواقع پیدا کرنے اور پاکستانی صنعت کو عالمی آٹو موٹیو سپلائی چین کا حصہ بنانے پر خصوصی توجہ دی گئی ہے۔
ہارون اختر خان نے کہا کہ حکومت کا مقصد محض گاڑیوں کی اسمبلنگ کو سہولت فراہم کرنا یا ٹیرف کے ذریعے تحفظ دینا نہیں بلکہ ایسا پائیدار صنعتی نظام قائم کرنا ہے جس میں مقامی گاڑیاں اور آٹو پارٹس تیار کرنے والے ادارے اپنی پیداواری صلاحیت میں اضافہ کر سکیں، جدید ٹیکنالوجی اپنا سکیں اور عالمی منڈیوں میں مقابلہ کر سکیں۔
وزیراعظم کے مشیر برائے صنعت و پیداوار نے کہا کہ نئی پالیسی میں مقامی ویلیو ایڈیشن میں بتدریج اضافے کو یقینی بنانے کے لیے لوکلائزیشن کی پابند شرائط متعارف کرائی گئی ہیں، ان لازمی شرائط کے ذریعے آٹو موٹیو مارکیٹ کی توسیع کو ملکی صنعتی سرگرمیوں، سرمایہ کاری،روزگار اور تکنیکی ترقی میں اضافے سے منسلک کیا جائے گا، مقامی ویلیو ایڈیشن کی مقررہ کم از کم شرائط پوری نہ کرنے کی صورت میں متعلقہ غیر مقامی طور پر تیار کردہ سی کے ڈی درآمدات پر اگلے مالی سال میں کسٹمز ڈیوٹی میں اضافی تین فیصد پوائنٹس کا اضافہ کیا جائے گا، جو مقررہ قانونی طریقہ کار سے مشروط ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں تقریباً 2,200 آٹو پارٹس تیار کرنے والے ادارے کام کر رہے ہیں جن کی پیداواری صلاحیت، تکنیکی ترقی اور عالمی سپلائی چین میں شمولیت آٹو موٹیو شعبے کی طویل مدتی مسابقت کے لیے نہایت اہم ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ 2.1 ارب روپے کی مختص رقم سے وینڈر اپ گریڈیشن اینڈ ٹیکنالوجی ٹرانسفر پروگرام (وی یو ٹی ٹی پی) شروع کیا جائے گا، جس پر انجینئرنگ ڈیولپمنٹ بورڈ (ای ڈی بی) اور اسمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سمیڈا) کے ذریعے عمل درآمد کیا جائے گا، اس پروگرام کے تحت مقامی وینڈرز کو جدید ٹیکنالوجی کے حصول، مشترکہ پیداواری سہولیات تک رسائی، ہنرمندی کی ترقی، بین الاقوامی معیار کے سرٹیفکیشن اور برآمدات کے لیے تیاری میں معاونت فراہم کی جائے گی۔
مشیر صنعت نے کہا کہ پالیسی کے تحت اس کی مدت کے دوران کم از کم پانچ بڑے آٹو پارٹس مینوفیکچرنگ اداروں میں سرمایہ کاری کا ہدف بھی مقرر کیا گیا ہے، تاکہ مقامی صنعتی کلسٹرز کو ترقی دی جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ مقامی صنعت کاروں کو بااختیار بنانا اور مقامی وینڈر نیٹ ورک کو مضبوط کرنا ایک مسابقتی آٹو موٹیو انڈسٹری کے قیام کے لیے حکومتی حکمت عملی کا بنیادی حصہ ہےمشیر صنعت و پیداوار نے کہا کہ برآمدات کا فروغ نئی پالیسی کی نمایاں خصوصیات میں شامل ہے، جس کے تحت 2026 سے 2031 کے دوران مجموعی طور پر تقریباً 6 ارب ڈالر کی برآمدات کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، اس ہدف میں سے تقریباً 3.29 ارب ڈالر، یعنی 55 فیصد،آٹو پارٹس مینوفیکچررز سے حاصل کرنے کا ہدف ہے۔
ہارون اختر نے کہا کہ گاڑیاں تیار کرنے والے اداروں سے تقریباً 2.72 ارب ڈالر یعنی 45 فیصد کی برآمدات متوقع ہیں، برآمدات کے اہداف میں یہ تقسیم آٹو پارٹس انڈسٹری کی ترقی اور مقامی سپلائرز کو عالمی سطح پر مسابقت کی صلاحیت رکھنے والے مینوفیکچررز میں تبدیل کرنے کے حکومتی عزم کی عکاسی کرتی ہے، برآمد کنندگان کی حوصلہ افزائی کے لیے پالیسی میں ڈرا بیک آف لوکل ٹیکسز اینڈ لیویز (ڈی ایل ٹی ایل)اسکیم متعارف کرائی گئی ہے، جس کے تحت اہل برآمد کنندگان کو خالص فری آن بورڈ (ایف او بی) برآمدی مالیت پر 5 فیصد معاونت فراہم کی جائے گی جبکہ مقررہ شرائط کے تحت اضافی برآمدات پر مزید 10 فیصد مراعات بھی دی جائیں گی۔
ان کا کہنا تھا کہ مینوفیکچررز کو اپنے بین الاقوامی شراکت داروں کی عالمی سپلائی چین میں برآمدی مواقع حاصل کرنا بھی لازمی ہوگا، ان اقدامات کے ذریعے مقامی مینوفیکچررز کو صرف ملکی منڈی پر انحصار کرنے کے بجائے ایک پائیدار برآمدات پر مبنی کاروباری ماڈل اپنانے کی ترغیب دی جائے گی، درآمدی مراعات کو مقامی پیداوار اور برآمدی ذمہ داریوں سے منسلک کر دیا گیا۔
ہارون اختر خان نے کہا کہ حکومت پانچ سال کے دوران کسٹمز ڈیوٹی کو بتدریج معقول بنا رہی ہے، تاہم اس بات کو یقینی بنایا گیا ہے کہ درآمدی مراعات براہ راست مقامی مینوفیکچرنگ، لوکلائزیشن اور برآمدی کارکردگی سے منسلک ہوں۔
انہوں نے وضاحت کی کہ ابتدائی دو سال کے دوران 15 ہزار ڈالر تک مالیت کی درآمد شدہ بیٹری الیکٹرک گاڑیوں (بی ای ویز) پر 5 فیصد رعایتی کسٹمز ڈیوٹی کی سہولت اس شرط سے مشروط ہے کہ متعلقہ کمپنیاں ملک میں مقامی اسمبلنگ یا مینوفیکچرنگ کی سہولیات قائم کریں، اس رعایت سے استفادہ کرنے والی کمپنیوں کو کسٹمز ڈیوٹی کے فرق کے مساوی سیکیورٹی بانڈ اور ناقابلِ تنسیخ بینک گارنٹی جمع کرانا ہوگی۔
ان کا کہنا تھا کہ انہیں 30 ستمبر 2028 تک درآمد شدہ بی ای وی ماڈل کی تجارتی بنیادوں پر پیداوار بھی شروع کرنا ہوگی، بصورت دیگر بینک گارنٹی کیش کرانے کا عمل شروع کیا جائے گا، لوکلائزیشن کے ذریعے 17.7 ارب ڈالر کے زرمبادلہ کی بچت متوقع ہے۔
وزیر اعظم کے مشیر نے کہا کہ نئی پالیسی کے تحت 2026 سے 2031 کے دوران مجموعی طور پر تقریباً17.7 ارب ڈالر کے زرمبادلہ کی بچت متوقع ہے جو اسی نوعیت کی گاڑیاں مکمل تیار شدہ حالت (سی بی یو) میں درآمد کرنے کی صورت میں درکار زرمبادلہ کے مقابلے میں ہوگی۔