ٹیموں کو فکسنگ سے بچنے کا سبق یاد دلایا جانے لگا

سلیم خالق  منگل 18 فروری 2020
کراچی میں کل سیشنز کا انعقاد،انٹیگریٹی آفیسرز ٹیموں کو جوائن کرنے لگے
 فوٹو: فائل

کراچی میں کل سیشنز کا انعقاد،انٹیگریٹی آفیسرز ٹیموں کو جوائن کرنے لگے فوٹو: فائل

کراچی:  پی ایس ایل میں شریک ٹیموں کو فکسنگ سے دور رہنے کا سبق یاد دلایا جانے لگا۔

پاکستان سپر لیگ کا پانچواں  ایڈیشن جمعرات کو شروع ہوگا، اس سے قبل ٹیموں کو اینٹی کرپشن لیکچرز دینے کے سلسلے کا آغاز ہوگیا ہے، گذشتہ روز لاہور میں قلندرز اور ملتان سلطانز کے کھلاڑی و سپورٹ اسٹاف اس میں شریک ہوئے۔

ذرائع کے مطابق چیف آپریٹنگ آفیسر پی سی بی سلمان نصیر نے  دونوں ٹیموں کوکرپشن کے نقصانات کا سبق یاد دلایا، انھوں نے  شرکا کو بتایا کہ بورڈ کا اینٹی کرپشن کوڈ ویب سائٹ سے ڈاؤن لوڈ کیا جا سکتا ہے، اسے پڑھ کر اندازہ ہو جائے گا کہ منفی عناصر سے دور رہنا کتنا ضروری ہے۔

سلمان نصیر نے پلیئرز کو مشکوک افراد سے ملاقات اور تحائف وصول کرنے سے بھی گریز کرنے کا کہا، دونوں فرنچائزز کو پی سی بی کے ڈائریکٹر میڈیسنز اینڈ اسپورٹس سائنسز ڈاکٹر سہیل سلیم نے ڈوپنگ پر لیکچر بھی دیا۔  ایونٹ میں شریک دیگر ٹیموں کراچی کنگز، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز، اسلام آباد یونائیٹڈ اور پشاور زلمی کے اینٹی کرپشن لیکچرز بدھ کو کراچی میں ہوں گے۔

دوسری جانب انٹیگریٹی افسران نے بھی ٹیموں کو جوائن کرنا شروع کر دیا، تمام کا تعلق پاکستان سے ہی ہے، پی سی بی ترجمان کے مطابق ان سب کا تقرر اشتہار دینے کے بعد کیا گیا،چونکہ یہ پاکستان کا ڈومیسٹک ایونٹ ہے اس لیے آئی سی سی کا اینٹی کرپشن یونٹ شامل نہیں ہوگا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔