متحدہ سے حکومت میں شمولیت پر بات ہو رہی ہے18جنوری کو بلدیاتی الیکشن کرانے کیلیے تیار ہیں قائم علی شاہ

کراچی سرکلر ریلوے کیلیے کمیٹی قائم،قائم علی شاہ کی سعد رفیق کیساتھ پریس کانفرنس


Staff Reporter November 22, 2013
ڈی جی رینجرز اور آئی جی سے گفتگو، گشت اور اسنیپ چیکنگ میں اضافے، مساجد اور امام بارگاہوں کی سیکیورٹی مزید سخت کرنے کی ہدایت ۔ فوٹو : فائل

وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے کہا ہے کہ سندھ میں 18 جنوری کو بلدیاتی انتخابات کرانے کے لیے الیکشن کمیشن کو دشواری تو پیش آسکتی ہے ۔

لیکن سندھ حکومت کو نہیں، مارچ میں بلدیاتی انتخابات کی تاریخ مل گئی تو ٹھیک ہے،اگر نہیں تو پھر 18 جنوری کو بلدیاتی انتخابات کرانے کے لیے سندھ حکومت تیار ہے۔ انتخابات کے انعقاد کے حوالے سے سیاسی جماعتوں کو آگاہ کردیا ہے ،ایم کیو ایم سے حکومت میں شمولیت میں بات چیت کا سلسلہ جاری ہے، جلد کسی نتیجے پر پہنچیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے جمعرات کو وزیر اعلی ہاؤس میںجمعرات کو وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کے ہمراہ پریس کانفرنس میں کیا۔ انھوں نے کہا کہ دبئی میں پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کو تنظیمی اور بلدیاتی امور پر بریفنگ دی ہے، پارٹی کے شریک چیئرمین نے بلدیاتی انتخابات کی بھرپور تیاری کی ہدایات جاری کی ہیں۔

دوسری جانب جمعرات کو وفاقی وزیربرائے ریلوئے خواجہ سعد رفیق کے ساتھ ایک اعلیٰ سطح کے اجلاس کے بعد میڈیا سے بات چیت وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے کہا کہ کراچی کے مکینوں کے لیے کراچی سرکلر ریلوے کے منصوبے پر فور ی عملدرآمد کیا جارہا ہے، وفاقی اور صوبائی نمائندوں پر مشتمل کمیٹی قائم کی گئی ہے جو جلد اپنا کام شروع کر دے گی۔بعض درپیش مسائل کی وجہ سے کراچی سرکلر ریلوے میں تاخیر ضرور ہوئی ہے تاہم اسے جلد مکمل کیا جائیگا۔ انھوں نے کہا کہ وزیراعظم کے کراچی کے حالیہ دورے کے دوران انھوں نے وزیراعظم سے کراچی کے اس اہم منصوبے میں تعاون کی گزارش کی تھی جنھوں نے قلیل عرصے کے اندر وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کو اس مقصد کیلیے یہاں بھیجا ہے۔



آج کے اجلاس میں کراچی سرکلر ریلوے کے پروجیکٹ ایریا میں تجاوزات کو ہٹانے کے لیے ایک ٹاسک فورس بنادی ہے۔ اس موقع پر وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ وزیراعظم کی خواہش ہے کہ کراچی سرکلر ریلوے منصوبہ وزیراعلیٰ سندھ کی قیادت میں مکمل کیا جائے ۔ منصوبہ شروع کرنے کیلیے تجاوزات کا ہٹانا بہت ضروری ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ ہم بے گھر اور غریب لوگوں کو تو متبادل جگہ دے سکتے ہیں لیکن تجارتی بنیادوں پر ناجائز قبضہ مافیا کو فورس کے ذریعے ہٹایا جائیگا۔ اس منصوبے پر عملدرآمد کیلیے ایم کیو ایم سے بھی مشاورت کی جا رہی ہے ۔ وزیراعظم نواز شریف سے اس معاملے پر بات چیت کے دوران گورنر سندھ بھی موجود تھے اور ہم انھیں آئندہ بھی اس منصوبے سے متعلق باخبر رکھیں گے۔

قبل ازیں کراچی سرکلر ریلوے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ ہم نے کراچی کے سرکلر ریلوے منصوبے کوہر قیمت پر مکمل کرنے کا عزم کر رکھا ہے۔ وفاقی وزیر ریلوے نے کہا کہ کراچی سرکلر ریلوے کے منصوبے کا تفصیلی جائزہ لے رہے ہیں۔ دریں اثنا وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے دبئی سے واپسی کے فوراً بعد ڈی جی رینجرز سے اسلام آباد میں اور آئی جی سندھ سے فون پر رابطہ کرکے صوبہ کی امن و امان کی مجموعی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا اور صوبہ اور باالخصوص کراچی میں رینجرز اور پولیس کے گشت میں اضافے اسنیپ چیکنگ اور مساجد اور امام بارگاہوں کی سیکیورٹی کو مزید سخت کرنے کی ہدایت کی۔ علاوہ ازیں قائم علی شاہ نے علمائے اکرام سے گزارش کی کہ جمعے کے خطبات میں مذہبی اور فرقہ وارانہ آہنگی بھائی چارے اور آپس میں اتحاد اور اتفاق کے موضوع کو سرنامہ کلام بنائیں۔ اگر کہیں لاؤڈ اسپیکر کا غلط استعمال کیا گیا تو اسکے خلاف سخت قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے