اشرف غنی دوسری مدت کیلیے افغانستان کے صدر منتخب

افغان صدر کو 50.6 فیصد جب کہ حریف امیدوار عبداللہ عبداللہ کو 39.52 فیصد ووٹ ملے


ویب ڈیسک February 18, 2020
صدر اشرف غنی کو 50 فیصد سے زائد اور حریف عبداللہ عبداللہ کو 39 فیصد ووٹ ملے، الیکشن کمیشن (فوٹو: فائل)

افغان الیکشن کمیشن نے 6 ماہ بعد ڈاکٹر اشرف غنی کی صدارتی الیکشن میں کامیابی کا باضابطہ اعلان کردیا ہے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق ستمبر میں ہونے والے صدارتی الیکشن کے سرکاری اور حتمی نتائج کا اعلان کرتے ہوئے افغان انڈیپینڈنٹ الیکشن کمیشن نے میڈیا کو بتایا کہ نو منتخب صدر کو 50.6 فیصد ووٹ ملے جب کہ حریف امیدوار عبد اللہ عبداللہ کو 39.52 فیصد ووٹ ہی حاصل کرسکے۔

قبل ازیں 23 دسمبر کو حاصل ہونے والے ابتدائی نتائج سے صدر اشرف غنی کی کامیابی صاف نظر آرہی تھی تاہم حریف امیدوار عبد اللہ عبد اللہ نے ابتدائی نتائج پر اعتراضات اُٹھاتے ہوئے صدارتی انتخاب کو فراڈ قرار دیا تھا جب کہ حتمی نتائج میں دو ماہ کی تاخیر ہونے پر تشویش کا اظہار بھی کیا تھا تاہم الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ حتمی نتائج کے اعلان میں تاخیر کی وجہ اعتراضات کی درخواستوں کو نمٹانا تھا۔

یہ خبر بھئ پڑھیں : ابتدائی نتائج میں اشرف غنی دوسری مرتبہ بھی افغانستان کے صدر منتخب

واضح رہے کہ افغانستان میں ہونے والے صدارتی الیکشن کو امن و امان کی مخدوش حالت کے باعث بار بار معطل کیا جاتا رہا ہے اور بالآخر کافی تاخیر کے بعد گزشتہ برس 28 ستمبر کو صدارتی الیکشن کا انعقاد ہوا تھا جس کے ابتدائی نتائج کا اعلان دسمبر میں کیا گیا تھا۔