کراچی حصص مارکیٹ نئی بلندترین سطح پرآگئی

انڈیکس63پوائنٹس کے اضافے سے ریکارڈ 23847پربند،190کمپنیوں کی قیمتیں بڑھ گئیں


Business Reporter November 23, 2013
مارکیٹ سرمایہ35ارب روپے بلند،کاروباری حجم14فیصدکم،12.35کروڑ حصص کے سودے۔ فوٹو: آن لائن/ فائل

کراچی اسٹاک ایکس چینج میں جمعہ کو اتارچڑھاؤ کے بعد تیزی رونما ہوئی جس سے انڈیکس نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔

سانحہ راولپنڈی پر مذہبی جماعتوں کی جانب سے اسلام آباد میں احتجاجی ریلی اور کراچی میں احتجاجی جلسے کے انعقاد کی وجہ سے سرمایہ کاروں نے اگرچہ محتاط طرز عمل اختیار کیا لیکن احتجاجی عمل سے متعلق کوئی منفی اطلاع موصول نہ ہونے کے علاوہ اینگروکارپوریشن کے آئی پی او سے متعلق اچھی اطلاعات، آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کے پرافٹ مارجن بڑھنے کی خبراور تھری جی لائسنس فروخت کرنے میں حکومتی سرگرمیاں بڑھنے جیسے عوامل نے انسٹی ٹیوشنز کو حصص کی خریداری کی جانب راغب کیا جس سے مارکیٹ میں تیزی رونما ہوئی، تیزی کے باعث58.64 فیصد حصص کی قیمتیں بڑھ گئیں جبکہ حصص کی مالیت میں35 ارب23 کروڑ41 لاکھ64 ہزار25 روپے کا اضافہ ہوگیا، ٹریڈنگ کے دوران غیرملکیوں، میوچل فنڈز، انفرادی سرمایہ کاروں اور دیگر آرگنائزیشنز کی جانب سے مجموعی طور پر43 لاکھ34 ہزار341 ڈالر مالیت کے سرمائے کا انخلا کیا گیا جس سے ایک موقع پر81.13 پوائنٹس کی مندی بھی رونما ہوئی۔



تاہم اس دوران مقامی کمپنیوں کی جانب سے26 لاکھ68 ہزار 631 ڈالر، بینکوں ومالیاتی اداروں کی جانب سے11 لاکھ33 ہزار916 ڈالر اور این بی ایف سیز کی جانب سے5 لاکھ31 ہزار794 ڈالر مالیت کی تازہ سرمایہ کاری کی گئی جس سے مندی کے اثرات زائل ہوگئے اور مارکیٹ میں تیزی رونما ہوئی، کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای100 انڈیکس63.39 پوائنٹس کے اضافے سے23847.57 ہوگیاجبکہ کے ایس ای30 انڈیکس5.63 پوائنٹس بڑھ کر17982.65 اور کے ایم آئی30 انڈیکس108.29 پوائنٹس کے اضافے سے40156.45 ہوگیا۔

کاروباری حجم جمعرات کی نسبت14.43 فیصد کم رہا اور مجموعی طور پر12 کروڑ 35 لاکھ7 ہزار320 حصص کے سودے ہوئے جبکہ کاروباری سرگرمیوں کا دائرہ کار324 کمپنیوں کے حصص تک محدود رہا جن میں190 کے بھاؤ میں اضافہ، 120 کے داموں میں کمی اور 14 کی قیمتوں میں استحکام رہا، جن کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ہوا ان میں یونی لیور فوڈز کے بھاؤ377.33 روپے بڑھ کر7943 روپے اور نیسلے پاکستان کے بھاؤ 359.75 روپے بڑھ کر8109.75 روپے ہوگئے جبکہ وائتھ پاکستان کے بھاؤ50 روپے کم ہوکر 4500 روپے اور فلپس موریس کے بھاؤ 16.90 روپے کم ہوکر 323.10 روپے ہوگئے۔