فکسنگ تنازع لوکوراچی اور اسٹیونز سماعت میں شرکت پر آمادہ

ڈھاکا گلیڈی ایٹرز کے مالکان نے اینٹی کرپشن ٹریبونل میں حاضری سے انکار کردیا


Sports Desk November 23, 2013
آئی سی سی نے13اگست کو میچ فکسنگ کیس میں7 ملزمان پر پابندی عائد کی جبکہ ان دونوں پلیئرز کو کھیلنے کی اجازت دے رکھی ہے۔

بی پی ایل میچ فکسنگ کیس کے 2 ملزمان سری لنکن کوشل لوکوراچی اور انگلش کاؤنٹی پلیئر ڈیرن اسٹیونز نے وکلا کے ذریعے سماعت میں شرکت پر حامی بھرلی۔

آئی سی سی نے 9 میں سے 7 ملزمان پر پابندی جبکہ ان دونوں کو کھیلنے کی اجازت دے رکھی ہے، ڈھاکا گلیڈی ایٹرز کے مالکان نے اینٹی کرپشن ٹریبونل میں حاضری سے انکار کردیا۔ تفصیلات کے مطابق بنگلہ دیش پریمیئر لیگ میں میچ فکسنگ کے 2ملزمان کوشل لوکوراچی اور ڈیرن اسٹیونز وکلا کے ذریعے عدالتی کارروائی میں شرکت پر آمادہ ہو گئے، ان پر فکسنگ کے سلسلے میں رابطہ کرنے والے افراد کی رپورٹ نہ کرنے کا الزام ہے۔ آئی سی سی نے13اگست کو میچ فکسنگ کیس میں7 ملزمان پر پابندی عائد کی جبکہ ان دونوں پلیئرز کو کھیلنے کی اجازت دے رکھی ہے۔



ادھر بی پی ایل فرنچائز ڈھاکاگلیڈی ایٹرز کے مالکان کا کہنا ہے کہ وہ ڈھاکا جج کی عدالت میں زیر غور کیس کے حل ہونے تک بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے تشکیل کردہ اینٹی کرپشن ٹریبونل کے سامنے پیش نہیں ہوں گے، بی سی بی کے مقررہ مدت میں ٹریبونل تشکیل نہ دینے پر گلیڈی ایٹرز نے 21 اکتوبر کو ایک مقدمہ دائر کردیا تھا۔ چیئرمین سلیم چوہدری اور ان کا بیٹا شہاب ان 9 ملزمان میں شامل ہے جنھیں24 نومبر کو ابتدائی پوچھ گچھ کیلیے حاضر ہونے کے نوٹسز جاری کیے گئے ہیں۔ 10 رکنی ڈسپلنری پینل کے سربراہ جسٹس محمد عبدالرشید نے جسٹس خادم الاسلام ، اجمل الحسین کیو سی اور سابق کرکٹر شکیل قاسم پر مشتمل ایک ٹریبونل قائم کیا تھا۔ آئی سی سی کی اینٹی کرپشن اینڈ سیکیورٹی یونٹ کی جانب سے ابتدائی طور پر 9 افراد کو ملزم قرار دینے کے تقریباً تین ماہ بعد بی سی بی نے9 نومبر کو ڈسپلنری پینل بنایا تھا ۔