بہتر غیر ملکی کرکٹرز سے ملتان سلطانز کا اسکواڈ متوازن

اسپورٹس رپورٹر  جمعـء 21 فروری 2020
شعیب ملک کی کمی محسوس ہوگی، مشکل چیلنجز کیلیے تیار ہیں،شان ۔  فوٹو : فائل

شعیب ملک کی کمی محسوس ہوگی، مشکل چیلنجز کیلیے تیار ہیں،شان ۔ فوٹو : فائل

 لاہور:  شان مسعود کا کہنا ہے کہ بہترین غیر ملکی کرکٹرز کے انتخاب سے ملتان سلطانز کا اسکواڈ متوازن ہوگیا،مشکل چیلنجز کیلیے بیٹنگ اور بولنگ ہتھیاروں سے لیس ہیں جب کہ شعیب ملک کی کمی محسوس ہوگی۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ کی سب سے بڑی ویب سائیٹ www.cricketpakistan.com.pk کے پروگرام ’’کرکٹ کارنر ود سلیم خالق‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے شان مسعود نے کہا کہ ہم نے بیٹنگ میں رلی روسو اور جیمز ونس کا انتخاب کیا ہے،بولرز میں ہمیں دنیا کے بہترین لیگ اسپنرز میں سے ایک عمران طاہر کی خدمات حاصل ہیں،معین علی کا شمار بہترین آل راؤنڈرز میں ہوتا ہے،روی بوپارا بھی اپنی صلاحیتیں تسلیم کرا چکے،ان غیرملکی کرکٹرز کی شمولیت سے اسکواڈ مضبوط ہوا اور اپنی ضرورت کے مطابق پلیئرز کی آزمائش کرسکتے ہیں۔

ایک سوال پر انھوں نے کہا کہ مجھے ڈومیسٹک کرکٹ میں کپتانی کا تجربہ حاصل ہے، اگرچہ ملک کیلیے ٹی ٹوئنٹی نہیں کھیلا مگر  ناردرن پنجاب ٹیم کا کپتان رہ چکا،فرنچائز ٹیم کی قیادت کو ایک چیلنج اور اپنی صلاحیتیں منوانے کا موقع سمجھتا ہوں۔

شان مسعود نے کہا کہ شعیب ملک ایک بڑا نام اور ریکارڈز اس کا ثبوت ہیں، ان کی کمی محسوس ہوگی، مسلسل 2سال ٹیم کی قیادت کرنے والے سینئر کھلاڑی کی عدم دستیابی ایک بڑی تبدیلی ہے، ہم ملتان سلطانز کو فتوحات کی راہ پر گامزن کرنے کی کوشش کریں گے،خوش قسمتی سے ہمیں دوسرے سینئر کرکٹر شاہد آفریدی کی خدمات میسر ہیں،ان کا شمار پاکستان کے بہترین کپتانوں میں ہوتا ہے،وہ پی ایس ایل کے ٹاپ پرفارمرز میں سے ایک ہیں،بطور مینٹور اور کھلاڑی کے طور پر ان کی موجودگی تمام کھلاڑیوں کا حوصلہ جوان رکھے گی۔انھوں نے کہا کہ اینڈی فلاور ورلڈنمبر ون ٹیم انگلینڈ کے کوچ رہے ہیں، ہمیں ان سے سیکھنے کا بہترین موقع ملا ہے۔

ایک سوال پر شان مسعود نے کہا کہ ٹیم کے تمام کھلاڑی ہوم گراؤنڈ ملتان پر میچز کھیلنے کیلیے پُرجوش ہیں،امید ہے کہ اسٹیڈیم شائقین سے بھرا ہوگا، لاہور اور کراچی کے بعد دیگر شہروں میں کرکٹ کا میلہ لگنا بڑا خوش آئند بات ہے۔

شان مسعود نے ٹیسٹ پلیئر ہونے کا تاثر مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ایک ورلڈکلاس کرکٹر خود کو ہر فارمیٹ کے مطابق ڈھالنے کی صلاحیت رکھتا ہے،بابر اعظم اس کی بہترین مثال ہیں،میں نے ڈومیسٹک کرکٹ میں وائٹ بال کرکٹ میں بھی عمدہ کارکردگی دکھائی، اسی کا سلسلہ برقرار رکھنے کی کوشش کروں گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔