پریمیئر فٹبال مسلم ایف سی نے ایچ بی ایل کو شکست دیدی

پہلی پوزیشن پر قبضہ کر لیا،دفاعی چیمپئن کے آر ایل نے نیوی کو1-0سے ہرا دیا


Sports Reporter November 24, 2013
مقررہ وقت میں کوئی بھی ٹیم گول کرنے میں کامیاب نہ ہو سکی۔

KARACHI: 10ویں پاکستان پریمیئر فٹبال لیگ میں مسلم ایف سی نے ایچ بی ایل کو1-0سے شکست دے کرپہلی پوزیشن پر قبضہ جمالیا، دوسرے میچ میں دفاعی چیمپئن کے آر ایل نے پاکستان نیوی کو1-0سے مات دی۔

تفصیلات کے مطابق کے ایم سی اسٹیڈیم پرچمن کی مسلم ایف سی اور ایچ بی ایل کے درمیان سنسنی خیز مقابلہ دیکھنے میں آیا، مقررہ وقت میں کوئی بھی ٹیم گول کرنے میں کامیاب نہ ہو سکی ،بعدازاں انجری ٹائم میں ملنے والے موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے فاتح ٹیم کے حیات اللہ نے گیند کو جال میں پھینک دیا، یہ گول فیصلہ کن ثابت ہوا، قبل ازیں کھیل کے61 ویں منٹ میں ریفری نے کامیاب ٹیم کے محمد رفیق کو بطور تنبیہ یلو کارڈ دکھایا، مسلم ایف سی نے اپنے18ویں میچ میں9 ویں کامیابی پا کر 33 پوائنٹس کے ساتھ ٹیبل پرپہلی پوزیشن حاصل کرلی،ایچ بی ایل کے17 میچز میں18 پوائنٹس ہیں۔



دوسری جانب کے پی ٹی بینظیر اسپورٹس کمپلیکس کے فٹبال اسٹیڈیم پر لیگ کا142واں میچ ہوا،اعزاز کا دفاع کرنے والی ٹیم کے آر ایل اور نیوی کے درمیان وقفے تک مقابلہ کسی گول کے بغیر برابر تھا،73ویں منٹ میں انٹرنیشنل کھلاڑی کلیم اللہ نے گول کرکے کے آر ایل کو سبقت دلا دی جو حتمی ثابت ہوئی، بعد میں کوئی بھی ٹیم کوشش کے باوجود گول نہ کرسکی،کے آر ایل اپنے8 ویں میچ میں5 ویں فتح کے بعد18پوائنٹس کے ساتھ 13ویں سے10ویں پوزیشن پر آگئی،پاکستان نیوی 20میچز میں23 پوائنٹس لینے کے بعدچھٹی پوزیشن پر ہے، اتوار کو 4میچز کھیلے جائیں گے،کے ایم سی اسٹیڈیم پر آرمی کا این بی پی،پی آئی اے کا واپڈا،کے پی ٹی اسٹیڈیم پر پی اے ایف کا کے ای ایس سی اورکے پی ٹی کا بلوچ ایف سی سے مقابلہ ہوگا۔