عمران خان کو ووٹ دینے پر غلط ثابت ہوا تو معافی مانگ لوں گا، فرحان سعید

ویب ڈیسک  منگل 25 فروری 2020
ہمارا سارا پیسہ سود میں چلاجاتا ہے لہذٰا ہمیں مہنگائی کے کڑوے گھونٹ پینے پڑیں گے۔ فرحان سعید فوٹوفائل

ہمارا سارا پیسہ سود میں چلاجاتا ہے لہذٰا ہمیں مہنگائی کے کڑوے گھونٹ پینے پڑیں گے۔ فرحان سعید فوٹوفائل

کراچی: گلوکار و اداکار فرحان سعید نے کہا ہے کہ اگر عمران خان کو ووٹ دینے پر غلط ثابت ہوا تو 5 سال بعد عوام سے معافی مانگ لوں گا۔

نجی ٹی وی کو دیئے گئے انٹرویو میں فرحان سعید نے کہا کہ مجھے عمران خان کو ووٹ دینے پر فخر ہے اورآج بھی اپنے فیصلے پر قائم ہوں۔ عمران خان 5 سال پورے کریں گے اور مجھے یقین ہے 5 سال بعد ہم دوبارہ عمران خان کو ہی منتخب کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں: فنکارجو ووٹ ڈالنے میدان میں آئے

میزبان کی جانب سے ملک میں بڑھتی مہنگائی کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر فرحان سعید نے کہاکہ خان صاحب کی جگہ کوئی بھی آتا تو مہنگائی بڑھتی۔ مہنگائی تو ہر حکومت میں بڑھی ہے کون سی حکومت ہے جس نے آکر مہنگائی کم کردی ہے۔ خان صاب نے سختی سے سب کو سیدھا کرنے کی کوشش کی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: گانا علی ظفر کا اور اس کی وڈیو بنائیں گے مداح

فرحان سعید نے ملک میں مہنگائی بڑھنے کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ ہمارا سارا پیسہ سود میں چلاجاتا ہے لہذٰا ہمیں یہ کڑوے گھونٹ پینے پڑیں گے لیکن ہم یہ قرض اتار دیں گے انشااللہ۔ اگر 5 سال بعد میں غلط ثابت ہواتو میں لوگوں سے معافی مانگ لوں گا کہ میں نے خان صاحب کی غلط حمایت کی۔

فرحان سعید نے پاکستان سپر لیگ سیزن5 کے آفیشل گانے ’’تیار ہیں‘‘ کو سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے ناپسند کیے جانے پر کہا کہ گانا اچھا ہے اور اسٹیڈیم میں لوگ اسے پسند بھی کررہے ہیں۔ تاہم انہوں نے علی ظفر کی جانب سے جاری کیے جانے والے پی ایس ایل کے نئے گانے کے ٹیزر کی تعریف کی اور کہا علی ظفر نے گانا بنانے کا اعلان کرکے اپنے اوپر پریشر لے لیا ہے تاہم ان کے گانے کا ٹیزر بہت اچھا اورعوامی ہے جو شائقین کو پسند آئے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔