سندھ حکومت نے یکساں نصاب تعلیم منصوبے کی حمایت کردی

اسٹاف رپورٹر  جمعـء 28 فروری 2020
وزیر اعلیٰ سندھ اور وفاقی وزیر تعلیم کی اجلاس میں شرکت، نصاب تعلیم متعارف کرانے  کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا
 فوٹو: فائل

وزیر اعلیٰ سندھ اور وفاقی وزیر تعلیم کی اجلاس میں شرکت، نصاب تعلیم متعارف کرانے  کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا فوٹو: فائل

کراچی:  وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ اور وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے جمعرات کو وزیراعلیٰ ہاؤس میں اپنے اجلاس میں وفاقی وزارت تعلیم کی جانب سے پورے پاکستان میں تیار کردہ یکساں نصابِ تعلیم متعارف کرانے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔

وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے کہا کہ 18 ویں ترمیم کی منظوری کے بعد اسکول کے نصاب کو ڈیزائن کرنا صوبائی سبجیکٹ ہوگیاہے لیکن وفاقی وزیر تعلیم نے اس مقصد کے ساتھ ہی ایک قدم اٹھایا ہے کہ پورے پاکستان میں یکساں نصاب متعارف کرایا جاسکے، انھوں نے انھیں یقین دلایا کہ ان کی حکومت اس منصوبے کی حمایت کرے گی۔ وزارت تعلیم کے ذریعے تیار کردہ نصاب پورے پاکستان کے تمام سرکاری ، نجی اور انگریزی میڈیم اسکولوں میں پڑھایا جائے گا۔

وفاقی وزیر نے وزیر اعلیٰ سندھ کو بتایا کہ انھوں نے مدرسوں کی رجسٹریشن کے لیے وفاقی مدرس اور دیگر متعلقہ علماکو اعتماد میں لیا ہے، انھوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کے تعلیمی منصوبے پر عمل درآمد کی نگرانی کے لیے متعلقہ کمشنرز کے ماتحت ڈویڑنل کمیٹیاں تشکیل دی جائیں گی۔

انھوں نے کہا کہ علما حکومت کے ساتھ تعاون کر رہے ہیں، وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ ہمارے مدارس کے لوگ امن کے فروغ اور مذہبی نصاب کے ساتھ باضابطہ تعلیم کو متعارف کرانے میں حکومت کا ساتھ دے رہے ہیں، اس سے قبل وفاقی وزیر تعلیم نے صوبائی وزیر تعلیم سعید غنی کے ساتھ پورے پاکستان میں یکساں نصاب متعارف کروانے سے متعلق تفصیلی ملاقات کی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔