سعودی عرب میں فٹبال میچ کے دوران شیر خوار بچہ ہلاک

بچے کو سانس لینے میں دشواری کا سامنا تھا اور طبی امداد ملنے سے قبل ہی چل بسا


ویب ڈیسک March 01, 2020
بچے کوسانس لینے میں دشواری کا سامنا تھا، فوٹو : فائل

سعودی عرب میں فٹبال میچ کے دوران ڈیڑھ ماہ کے شیر خوار بچے کو سانس لینے میں دشواری کا سامنا ہوا اور طبی امداد ملنے سے قبل ہی بچے نے ماں کی گود میں دم توڑ دیا۔

سعودی میڈیا کے مطابق الاحساء کے شہزادہ عبداللہ بن جلوی اسٹیڈیم میں دو مقامی ٹیموں کے درمیان فٹبال میچ جاری تھا کہ اسٹیڈیم میں موجود ایک جوڑے نے اپنے شیر خوار بچے کی طبیعت بگڑنے پر طبی امدد طلب کی تاہم جب تک طبی عملہ بچے تک پہنچتا، بچے نے ماں کی گود میں دم توڑ دیا۔

سعودی وزرات کھیل کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ والدین اپنے 6 بچوں کے ہمراہ الفتح اور الوحدہ فٹبال کلب کے درمیان ہونے والا میچ دیکھنے آئے تھے جس کے دورام ڈیڑھ ماہ کے بچے کی طبیعت بگڑ گئی تھی۔

اسٹیڈیم انتظامیہ نے طبی ماہرین کے حوالے سے بتایا کہ ہلاک ہونے والا بچہ قبل از وقت ساتویں ماہ میں ہی پیدا ہو گیا تھا جس کے بعد اسے 2 ماہ تک اسپتال میں انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں رکھا گیا تھا اور حال ہی میں اسپتال سے ڈسچارج ہوا تھا۔

اسٹیڈیم میں طبی امداد فراہم کرنے والی ڈاکٹروں کی ٹیم نے میڈیا کو بتایا کہ ممکنہ طور پر بچے کا مدافعتی نظام کمزور تھا اور 2 ماہ تک آئی سی یو میں رہنے کے بعد اچانک اتنی بھیڑ میں لانے پر سانس لینے میں دشواری پیدا ہوئی ہوگی۔