پاکستان سے بھارت کو زرعی برآمدات 5 سال میں 100فیصد بڑھ گئیں

بھارت سے پاکستان کو 2012-13کے دوران کی جانے والی برآمدات میں سب سے زیادہ 7کروڑ 51 لاکھ ڈالر کے ٹماٹر ایکسپورٹ کیے گئے


Business Reporter/Kashif Hussain November 28, 2013
پاکستان زرعی شعبے کوتحفظ کیلیے ڈبلیوٹی اواورسافٹا میں موجودسیف گارڈ اقدامات کی گنجائش سے فائدہ،آٹومیٹک امپورٹ لائسنس سسٹم نافذ کرسکتا ہے،بھارتی ماہرین فوٹو: ایکسپریس/فائل

پاکستان سے بھارت کو ایگری کلچر مصنوعات کی برآمدات میں گزشتہ 5سال کے دوران 100فیصد سے زائد اضافہ ہو چکا ہے، ایگری کلچر ٹریڈ قیمتوں میں استحکام اور فوڈ سیکیورٹی میں اہم کردار ادا کرسکتی ہے۔

پاکستان میں ٹماٹر کی قیمتوں کے حالیہ بحران میں بھی بھارت سے درآمد کے سبب ٹماٹر کی خوردہ قیمت 200سے کم ہو کر 120روپے فی کلو تک آچکی ہے جس سے ثابت ہوتا ہے کہ عوام کو مہنگائی سے ریلیف دلوانے اور قیمتوں کو مستحکم رکھنے میں ایگری کلچر سیکٹر کی دوطرفہ تجارت انتہائی اہمیت کی حامل ہے۔ بھارت کے ڈائریکٹوریٹ جنرل آف فارن ٹریڈ وزارت تجارت کے اعدادوشمار کے مطابق بھارت سے پاکستان کو 2012-13کے دوران کی جانے والی برآمدات میں سب سے زیادہ 7کروڑ 51 لاکھ ڈالر کے ٹماٹر ایکسپورٹ کیے گئے اور رواں سال بھی بھارت سے ٹماٹر کی درآمد جاری ہے، اسی طرح گزشتہ مالی سال کے دوران بھارت سے 5 کروڑ 40لاکھ 70ہزار ڈالر کا سفید چنا، 4کروڑ 73 لاکھ 60 ہزار ڈالر کی چائے، 1کروڑ 89 لاکھ ڈالر کے بیج اور 1کروڑ 84لاکھ 80ہزار ڈالر کے ناریل درآمد کیے گئے۔

اسی سال پاکستان نے بھارت کو 8کروڑ 56لاکھ70 ہزار ڈالر کی کھجور اور چھوارے برآمد کیے، 41 لاکھ ڈالر کے تل، 30لاکھ 10 ہزار ڈالر کی انجیر اور 17لاکھ 10 ہزار ڈالر کا لوبیا بھی برآمد کیا گیا۔ اعدادوشمار ظاہر کرتے ہیں کہ دونوں ملکوں کے درمیان ایگری کلچر سیکٹر میں تجارت کا حجم 5سال کے دوران 25کروڑ 44 لاکھ ڈالر سے بڑھ کر 45کروڑ 74 لاکھ ڈالر تک پہنچ گیا ہے، اس دوران بھارت سے پاکستان کو ایگری کلچر ایکسپورٹ 20 کروڑ 92لاکھ 60 ہزار سے بڑھ کر 35کروڑ 23 لاکھ 60 ہزار ڈالر جبکہ پاکستان سے بھارت کو ایگری کلچر برآمدات 4 کروڑ 51لاکھ 50 ہزار سے بڑھ کر 10کروڑ 51 لاکھ 10 ہزار ڈالر تک پہنچ چکی ہے۔

بھارتی تحقیقی ادارے انڈین کونسل فار ریسرچ آن انٹرنیشنل اکنامک ریلیشنز کے انڈیا پاکستان ٹریڈ پراجیکٹ کی سربراہ ڈاکٹر نشا تنیجا کے مطابق بھارت سے زرعی مصنوعات کی درآمد کے حوالے سے پاکستانی پالیسؤں کا بغور جائزہ لینے سے پتا چلتا ہے کہ پاکستانی پالیسی میں بھارتی زرعی مصنوعات کیلیے کافی لچک پائی جاتی ہے، 2000 میں پاکستان نے بھارت سے 600 آئٹمز کی درآمد کی اجازت دی جن میں 68زرعی مصنوعات شامل تھیں، اسی طرح پاکستان کی 1963آئٹمز پر مشتمل مثبت فہرست میں 179ایگری کلچر آئٹمز شامل تھے، بھارت سے زرعی درآمدات کے حوالے سے نرم پالیسی کا مقصد قیمتوں کو مستحکم رکھنا اور سیزنل آئٹمز کی قلت دور کرتے ہوئے فوڈ سیکؤرٹی کو یقینی بنانا تھا، پاکستان کی جانب سے فروری 2012میں منفی فہرست کو 1209آئٹمز تک کم کیا گیا۔



جس میں ایگری کلچر سیکٹر کو مزید نرمی دی گئی، دلچسپ بات یہ ہے کہ فروری 2012کی منفی فہرست کے بعد بھارت سے پاکستان کو ایگری کلچر مصنوعات کی برآمد گزشتہ سال کے مقابلے میں 15.3فیصد تک کم رہی۔ بھارتی ماہرین کے مطابق پاکستان میں نواز حکومت آنے کے بعد بھارت کو ایم ایف این کا درجہ ملنے کی امید نو پیدا ہو چکی ہے، بھارت کو ایم ایف این کا درجہ ملنے میں پاکستانی ایگری کلچر لابیز کا یہ خدشہ بھی حائل ہے کہ بھارت سے تجارت نارمل ہونے پر پاکستان میں بھارتی زرعی مصنوعات کا سیلاب امڈ آئے گا۔ بھارتی ماہرین کا ماننا ہے کہ ایگری کلچر سیکٹر میں تجارت کی آزادی حساس معاملہ ہے اور پاکستان کو اپنے تحفظ کیلیے درآمدات میں اضافے کے آگے سیف گارڈ اقدامات کرنا ہوں گے، ڈبلؤ ٹی او اور سافٹا اس طرح کے سیف گارڈ اقدامات کی گنجائش رکھتے ہیں ۔

جن کے ذریعے مقامی شعبوں کو تحفظ دیتے ہوئے اس شعبے سے وابستہ افراد کو متاثر ہونے سے بچایا جاسکے۔ سافٹا کے تحت کوئی بھی ملک اپنی مقامی صنعت کے تحفظ کے لیے تجارتی مراعات کو عارضی طور پر معطل کرسکتا ہے اسی طرح ڈبلؤ ٹی او کے تحت بڑھتی ہوئی درآمدات سے مقامی صنعت کو پہنچنے والے نقصانات ظاہر کیے بغیر ہی اسپیشل سیف گارڈ اقدامات اٹھاسکتا ہے۔ سافٹا کے تحت پاکستانی حساس فہرست کے 936آئٹمز میں بھی 27 ایگری کلچر مصنوعات شامل ہیں، پاکستان نے یہ فہرست 2017تک 100 آئٹمز تک محدود کرنے کا اعلان کیا ہے جس کے ذریعے پاکستان اپنے زرعی شعبے کو تحفظ فراہم کرسکتا ہے۔

بھارتی ماہرین نے پاکستان کو زرعی مصنوعات کی درآمد کیلیے آٹو میٹک امپورٹ لائسنس سسٹم کی تجویز دی ہے جس کے ذریعے زرعی درآمدات کے بارے میں پیشگی معلومات مرتب کی جا سکتی ہیں جو درآمدات کو سنگین خطرہ بننے سے روکنے میں ارلی وارننگ کا کردار ادا کرسکتی ہیں۔

مقبول خبریں