بھارت کی اونچی پرواز رواں سال مسلسل چھٹی سیریز فتح

ویسٹ انڈیز کیخلاف تیسرے ون ڈے میں 5 وکٹ کی جیت، شیکھردھون کی سنچری


Sports Desk November 28, 2013
بھارتی بلے باز شیکھر دھون ویسٹ انڈیز کے خلاف سنچری اسکور کرنے پر خوشی کا اظاہر کررہے ہیں۔فوٹو:کرک انفو

بھارت نے اونچی پرواز جاری رکھتے ہوئے رواں برس مسلسل چھٹی ون ڈے سیریز اپنے نام کر لی، ویسٹ انڈیز کیخلاف تیسرے میچ میں شیکھر دھون کی شاندار سنچری نے ٹیم کو5 وکٹ سے فتح دلائی۔

میزبان نے 264 کا ہدف 23 بالز قبل ہی حاصل کرلیا، یوراج سنگھ نے 55 رنز اسکور کیے۔ اس سے قبل مہمان سائیڈ نے 5 وکٹ پر 263 رنز بنائے، کیرون پاول، مارلون سموئلز اور ڈیرن براوو کی ففٹیز کسی کام نہ آئیں۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان سے رواں برس کے آغاز پر شکست کے بعد بلو شرٹس نے پیچھے مڑ کر نہیں دیکھا اور مسلسل6 ون ڈے سیریز جیت لیں،اس دوران ٹیم نے انگلینڈ کیخلاف ہوم سیریز، چیمپئنز ٹرافی، ویسٹ انڈیز میں ٹرائنگولر سیریز، زمبابوے اور ہوم گرائونڈز پر آسٹریلیا کیخلاف فتوحات حاصل کیں۔



میزبان سائیڈکو فتح کیلیے 264 رنز کا ہدف ملا جسے شیکھر دھون نے کیریئر کی پانچویں سنچری جڑ کر آسان بنا دیا، انھوں نے 95 بالز پر 119 رنز اسکور کیے، اس میں 20 چوکے بھی شامل تھے، ان کا کیچ براوو نے اپنی ہی گیند پر لیا، یوراج سنگھ نے بھی فارم کی جھلک دکھائی اور11 اننگز میں وہ پہلی بار ففٹی بنانے میں کامیاب رہے، لیفٹ ہینڈر نے 74 بالز پر 55 رنز 7 چوکوں کی مدد سے اسکور کیے۔ روی رامپال اور ڈیوائن براوو نے 2،2 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ اس سے قبل سرد موسم میں ویسٹ انڈیز کیلیے بیٹنگ آسان نہیں تھی، شروع کے مشکل اوورز میں مہمان ٹیم نے صرف ایک وکٹ گنوائی، پاول اور سموئلز نے دوسری وکٹ کی شراکت میں 117 رنز جوڑ کر مجموعے کو 137 تک پہنچایا، پاول 70 رنز پر ایشون کی گیند پر دھون کے ہاتھوں کیچ ہوئے، سموئلز کو 71 رنز پر ایشون نے بولڈ کیا، ڈیرن براوو 51 پر ناٹ آئوٹ رہے۔ ایشون نے 2کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ دھون مین آف دی میچ اور کوہلی سیریز کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔