سانحہ راولپنڈی گرفتار 12 ملزم شناخت پریڈ کیلیے جیل منتقل

موقع پرنہیں تھے، پولیس نے گھروں سے اٹھاکر کارروائی ڈالی، ملزمان کاعدالت میں بیان


Numainda Express November 28, 2013
راولپنڈی پولیس کی چھینی گئی 5 میں سے 2 رائفلیں برآمد کرلیں،سی پی اواخترعمرحیات۔ فوٹو: ایکسپریس/فائل

انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کے سینئرجج چوہدری حبیب الرحمن نے سانحہ راولپنڈی کیس میں گرفتار 12ملزمان کوشناخت پریڈکے لیے14دن کے جوڈیشل ریمانڈ پر اڈیالہ جیل بھیج دیا ہے اور ایس ایچ او تھانہ گنج منڈی کو حکم دیا ہے کہ وہ ان 2ہفتوں میں جیل میں ملزمان کی شناخت پریڈ مکمل کرکے انھیںدوبارہ 11دسمبر کوعدالت پیش کریں۔

گرفتار ملزمان میںعدیل شہزاد، ناصر حسین شاہ، افراز علی، فرزند علی بنگش، سیدمحمد ارحم رضا، طیب شکیل، اسدعلی شاہ، سبطین حسین کاظمی، وقار حسین، یاسر عباس کاظمی، شمیم الحسن، اشتیاق حسین شاہ شامل ہیں۔ انھیں انتہائی کڑے پہرے میں عدالت لایا گیا تھا۔ پیشی کے بعد ملزمان نے کہا کہ انھیں بیگناہ پکڑا گیاہے۔ وہ اس دن راجابازارمیں موجود ہی نہیں تھے، پولیس نے گھروں سے پکڑکر کارروائی ڈالی ہے اپنی بیگناہی ثابت کریں گے۔



نمائندے کے مطابق سٹی پولیس آفیسر راولپنڈی اخترعمر حیات لالیکا نے پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ سانحہ راولپنڈی کے حوالے سے قبل از وقت کسی قسم کی منصوبہ بندی کے شواہد نہیںملے۔ واقعے میں 11 افراد جاں بحق ہوئے لیکن ان میں مدرسے کا کوئی طالب علم نہیںہے۔ انھوںنے بتایا 40افرادکو شامل تفتیش کیا گیا تھاجن میں سے21کو چھوڑدیا گیا۔ 7ملزمان تاحال شامل تفتیش ہیںجبکہ 12کوعدالت پیش کیاگیاہے۔ راولپنڈی پولیس کی 5رائفلیں چھینی گئی تھیں جن میں 2رائفلیں برآمدکرلی ہیں۔