کورونا وائرس سے 3554 ہلاکتیں، 6 ممالک میں اولین کیسزرپورٹ

 اتوار 8 مارچ 2020
دنیا کے چھ نئے ممالک میں اولین کیس رپورٹ ہوگئے۔ فوٹو، انٹرنیٹ

دنیا کے چھ نئے ممالک میں اولین کیس رپورٹ ہوگئے۔ فوٹو، انٹرنیٹ

دنیا بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد1 لاکھ 3 ہزار 796 ہوگئیں جب کہ 3554 ہلاکتوں کی تصدیق ہوچکی ہے۔ کئی ممالک میں اولین کیسز سامنے آگئے۔

چین کے علاوہ وائرس اب تک 90ممالک کو اپنی لپیٹ میں لے چکا ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کولمبیا، کوسٹا ریکا، کمبوڈیا، مالٹا، پیراگوئے اور مالدیپ میں بھی کورونا وائرس کے پہلے کیسز سامنے آچکے ہیں۔

چین

چین میں کورونا وائرس سےمتاثر مزید مزید اٹھائیس افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔تاہم حکام کا دعویٰ ہے کہ  ملک میں وائرس کے پھیلاومیں کمی آئی ہے اور53 ہزار سے زائد افراد کو صحتیابی کے بعد ہسپتالوں سے چھٹی دے دی گئی ہے۔

جنوب مشرقی چین میں متاثرہ افراد کوجس ہوٹل میں الگ تھلگ رکھا گیا تھا اس کی عمارت گرگئی،30 سے زائد افراد کے ملبے دبے ہونے کی اطلاعات ہیں۔

اٹلی

اتوار کے روز اٹلی  میں صرف ایک دن اندر 1247 کیسز سامنے آگئے اور مریضوں کی مجموعی تعداد 5883 ہوچکی ہے۔ ہفتے کو اٹلی میں کورونا سے 36 ہلاکتیں ہوئیں جس کے بعد اموات کی مجموعی تعداد 233 ہوگئی ہے۔ چین کے بعد یہاں وائرس کے سبب سب سے زیادہ ہلاکتیں ہوئی ہیں۔

ایران

کورونا وائرس سے ہونے والی ہلاکتوں کے اعتبار سے ایران تیسرے نمبر پر آچکا ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹے میں 21 مزید اموات کے بعد ہلاکتوں کی تعداد 145 ہوچکی ہے اور 5823افراد متاثر ہوچکے ہیں۔ ایران میں اس وبا سے ایک رکن پارلیمنٹ کی موت بھی ہوچکی ہے۔

جنوبی کوریا، فرانس ، بھارت

فرانس میں کورونا وائرس ہلاکتوں کی تعداد 16 ہوگئی ہے اور 949کیسز کی تصدیق ہوچکی ہے، جن میں فرانس کی قومی اسمبلی کے دو ارکاین بھی شامل ہیں۔

چین کے بعد جنوبی کوریا میں کورونا وائرس کے سب سے زیادہ مریض سامنے آئے۔ یہاں متاثرین کی مجموعی تعداد 7041 ہے اور 42 ہلاکتیں ہوچکی ہیں۔

بھارت میں کورونا وائرس کے تین نئے کیسز سامنے آںے کے بعد مجموعی تعداد 34 ہوچکی ہے۔ بھارتی مقبوضہ کشمیرمیں بھی کورونا وائرس کا پہلاکیس سامنے آگیا ہے۔

امریکا

امریکا میں متاثرہ افراد کی تعداد تین سوسےتجاوز کر گئی ہے جبکہ  ہلاک ہونے والوں کی تعدادکم ازکم سترہ بتائی جاتی ہے۔ کیلی فورنیا میں موجود کروز شپ میں اکیس افراد میں وائرس کی تصدیق ہو چکی ہے۔

جرمنی

ہفتے کو جرمنی میں کورونا کے متاثرین میں 100 مریضوں کا اضافہ ہونے کے بعد مجموعی تعداد 795 ہوچکی ہے۔ اچانک اضافے کے بعد ملک کی معیشت سے متعلق خدشات بڑھنے لگے ہیں۔ تاہم یہاں ابھی تک کورونا وائرس سے ہلاکت نہیں ہوئی۔

سعودی عرب

سعودی عرب میں دو کیسز کی تصدیق کے بعد متاثرین کی مجموعی تعداد سات ہوچکی ہے۔مسجدالحرام کے مطاف کو صفائی کے بعد دوبارہ کھول دیا گیا۔ سعودی حکومت نےمسجد الحرام کے مطاف اور مسجد نبوی کو کورونا وائرس کے انفیکشن سے بچاؤ کے لیے صفائی کی غرض سے بند کر دیا تھا تاہم اس دوران مسجدالحرام کے بالائی منزل پر طواف کی اجازت تھی۔

کورونا کی تازہ ترین صورت حال: 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔