سری لنكا كے خلاف آئندہ ماہ متحدہ عرب امارات میں کھیلے جانے والی ون ڈے اور ٹی 20 سيريز ميں فاسٹ بالر محمد عرفان کی شركت مشكوک ہوگئی جب کہ آل راؤنڈر شعیب ملک اور ذوالفقار بابر کی ٹیم میں شمولیت کا امکان ہے۔
ترجمان پی سی بی كے مطابق قومی كركٹ ٹيم كے فاسٹ بولر محمد عرفان متحدہ عرب امارات ميں جنوبی افريقہ كے خلاف سيريز ميں زخمی ہوگئے تھے، ابتدائی رپورٹ كے مطابق ڈاكٹرز نے محمد عرفان كو دورہ سری لنكا كے لئے ان فٹ قرار ديتے ہوئے مزيد آرام كا مشورہ ديا ہے،ڈاكٹرز كا كہنا ہے كہ انہیں فٹ ہونے ميں مزيد 4 سے 6 ہفتے دركار ہيں۔
دوسری جانب شعيب ملک اور ليفٹ آرم اسپنر ذوالفقار بابر مكمل فٹ ہوگئے ہيں اور ٹيم ميں دوبارہ شموليت كا امكان ہے جبكہ رائٹ آرم فاسٹ بولرعمر گل گھٹنے کے آپریشن کے باعث ٹیم سے باہر ہیں ، ان کی میڈیکل فٹنس رپورٹ 2 دسمبر تک آجائے گی جس کے بعد انہیں ٹیم میں شامل کرنے یا نہ کرنے سے متعلق کوئی فیصلہ کیا جائے گا۔