پی ایس ایل میں شامل بعض غیرملکی کھلاڑیوں کا وطن واپس جانے کا فیصلہ

ویب ڈیسک  جمعـء 13 مارچ 2020
ابھی تک کسی بھی کھلاڑی کا کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت نہیں آیا۔ فوٹو: فائل

ابھی تک کسی بھی کھلاڑی کا کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت نہیں آیا۔ فوٹو: فائل

 لاہور: کورونا وائرس کے پیش نظرپی ایس ایل میں شامل بعض غیرملکی کھلاڑیوں نے واپس جانے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

ذرائع پی سی بی کے مطابق کورونا وائرس کے پیش نظرپی ایس ایل میں شامل 10 غیرملکی کھلاڑیوں اور ایک کوچ نے واپس جانے کی خواہش ظاہرکی جس کے بعد پی سی بی نے بھی کھلاڑیوں کواپنے اپنے وطن واپس جانے کی اجازت دے دی ہے۔ فلائٹ آپریشن بند ہونے کے ڈرسے کھلاڑی واپسی کے خواہاں ہیں۔

کورونا وائرس کے خوف سے اب تک پی ایس ایل چھوڑ کر واپس اپنے ملک جانے والوں میں کراچی کنگز کے الیکس ہیلز، ملتان سلطانز کے ریلی روسو اور جیمز ونس، پشاور زلمی کے ٹام بینٹن، کارلوس بریتھ ویٹ، لیام ڈاسن، جیمز فوسٹر (کوچ)، لوئس گریگری اور لیام لیونگ اسٹون جب کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے جیسن رائے اور ٹائمل ملز شامل ہیں۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: کراچی میں کورونا کا ایک اور کیس رپورٹ، ملک بھر میں تعداد 22 ہوگئی

ترجمان پی سی بی کے مطابق ان کھلاڑیوں کے پی ایس ایل سے آؤٹ ہونے کے بعد تمام ٹیموں کو قانون کے مطابق متبادل کھلاڑیوں کے انتخاب کی اجازت ہوگی، جس کی منظوری ایونٹ ٹیکنیکل کمیٹی دے گی جب کہ پی سی بی اس ضمن میں صورتحال کا باقاعدگی سے جائزہ لیتا رہے گا اور اس دوران وہ  تمام ٹیم مالکان سے رابطے میں رہے گا۔

واضح رہے کہ ملک بھر میں مجموعی طور پر کورونا مریضوں کی تعداد 22 ہوگئی ہے تاہم ابھی تک کسی بھی کھلاڑی کا کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت نہیں آیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔