کورونا وائرس کے باعث دنیا پاکستان جیسے ممالک کا قرضہ معاف کرنے کا سوچے، وزیراعظم

ویب ڈیسک  منگل 17 مارچ 2020
اتنے بڑے بحران سے نمٹنے کے لیے ہمارے پاس طبی سہولتیں ناکافی ہیں، وزیراعظم عمران خان۔ فوٹو : فائل

اتنے بڑے بحران سے نمٹنے کے لیے ہمارے پاس طبی سہولتیں ناکافی ہیں، وزیراعظم عمران خان۔ فوٹو : فائل

 اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کی وجہ سے دنیا پاکستان جیسے دیگر ترقی پذیر ممالک کا قرضہ معاف کرنے کے بارے میں سوچے۔

امریکی خبر ایجنسی کو دیے گئے انٹرویو میں وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس ترقی پزیر ممالک کی معیشتوں کو نقصان پہنچا سکتا ہے لہذا دنیا پاکستان جیسے دیگر ترقی پذیر ممالک کا قرضہ معاف کرنے کے بارے میں سوچے، اس اقدام سے ہمیں کورونا وائرس سے نمٹنے میں مدد ملے گی۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ کورونا ملک میں پھیلا تو معیشت بحال کرنے کی کوششوں کو سنگین نقصان ہوگا جب کہ اتنے بڑے بحران سے نمٹنے کے لیے ہمارے پاس طبی سہولتیں ناکافی ہیں۔

طالبان امریکا مذاکرات کے حوالے سے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ طالبان کے حوالے سے افغان صدر کا بیان مایوس کن ہے، حکومت میں آنے کے بعد امریکا کے ساتھ افغان امن معاہدے پر کام کیا، افغان امن عمل میں پاکستان کی کوششوں کی تعریف کی جانی چاہیے جب کہ پاکستان اب امن کے لیے امریکا کا ساتھی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔