کورونا وبا؛ حکومت نے پاکستان میں فضائی آپریشن مکمل بند کردیا

ویب ڈیسک  ہفتہ 21 مارچ 2020
سول ایوی ایشن نے تمام ایئرلائنزکو مراسلہ جاری کردیا ہے: فوٹو: فائل

سول ایوی ایشن نے تمام ایئرلائنزکو مراسلہ جاری کردیا ہے: فوٹو: فائل

 کراچی: کورونا وائرس کے پیش نظرحکومت نے فضائی آپریشن مکمل بند کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

وزیراعظم  کے مشیربرائے قومی سلامتی معید یوسف نے پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ پاکستان میں ہرقسم کا فضائی آپریشن 2 ہفتے کے لیے بند کردیا گیا ہے تاہم کارگو کے جہازوں کو پاکستان میں آنے کی اجازت ہوگی۔ فلائٹ آپریشن آج سے 4 اپریل تک بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ فیصلہ وزیراعظم عمران خان کی مشاورت کے بعد لیا گیا ہے۔ سول ایوی ایشن نے تمام ایئرلائنز کو مراسلہ جاری کردیا ہے۔

ترجمان ایوی ایشن ڈویژن کا کہنا ہے کہ وی وی آئی پی فلائٹس پابندی سے استثنی ہوگا، غیرملکی ایئرلائن چارٹرز پربھی پابندی عائد ہوگی جب کہ اسپیشل طیارے پرفضائی آپریشن معطلی کا اطلاق نہیں ہوگا، اسپیشل طیارے پر آنے والے مسافروں کی اسکریننگ کی جائے گی۔

اس سے قبل حکومتِ پاکستان کی ہدایت پرکورونا کے پھیلاؤکوروکنے کے لیے پی آئی اے نے تمام بین الاقوامی پروازیں منسوخ کردیں تھیں۔ ترجمان پی آئی اے کے مطابق مسافروں کو پیش آنے والی دشواریوں کیلئے معذرت خواہ ہیں لیکن پرہیز علاج سے بہتر ہے، مزید معلومات اوربکنگ کی تبدیلی کیلئے پی آئی اے کال سینٹرسے رابطہ کریں۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: کورونا وبا؛ ملک بھر سے مزید 34 نئے کیسز سامنے آگئے

واضح رہے کہ ملک بھرمیں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 495 ہوگئی، جن میں سے 3 جاں بحق اور5 مریض صحت یاب ہوگئے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔