نمبر ون کیلئے کسی سے مقابلہ نہیں لوگوں کے دلوں پر راج کرنے آئی ہوں سارہ لورین

کترینہ کیف ہو یا پریانکا چوپڑا مجھے کسی کا ڈر نہیں، صرف محنت پر یقین رکھتی ہوں، اداکارہ۔


Qaiser Iftikhar December 01, 2013
بالی ووڈ میں مزید دو اور لالی ووڈ کی ایک فلم سائن کرلی،فی الحال ڈراموں میں کام کرنے کا کوئی ارادہ نہیں،ایکسپریس سے خصوصی گفتگو۔ فوٹو : فائل

پاکستان کی معروف اداکارہ وماڈل سارہ لورین نے کہا ہے کہ میں بالی ووڈ میں نمبرون کی کرسی پر براجمان ہونے نہیں بلکہ بہترین کام کر کے لوگوں کے دلوں پر راج کرنے کے لیے آئی ہوں۔

میرا کسی سے مقابلہ نہیں اگرکوئی جان بوجھ کر ایسی باتیں کرتا ہے تو وہ اداکاری کے جوہر دکھا کر یہ بات ثابت کرے وگرنہ بیان بازی کرنیوالے صرف بیان دیتے ہیں جب کہ میں اپنے کام کے بل پر مقام حاصل کرنے کو ترجیح دیتی ہوں۔ کترینہ کیف ہو یا پریانکا چوپڑا مجھے کسی کا ڈر نہیں جہاں تک بات پاکستانی اداکارائوں کی ہے تو وہ اپنا کام کریں اور مجھے اپنا کام کرنے دیں، 2014ء میں بالی ووڈ کے ساتھ پاکستانی فلم میں بھی جلوہ گر ہونگی۔ ان خیالات کا اظہار سارہ لورین نے گزشتہ روز ممبئی سے فون پر ''نمائندہ ایکسپریس'' سے گفتگوکرتے ہوئے کیا۔ انھوں نے کہا کہ شوبز کی دنیا میں سستی شہرت حاصل کرنے کے جو فارمولے آزمائے جاتے ہیں ان پر مجھے یقین نہیں، میں صرف اورصرف محنت سے کام کرنے پر یقین رکھتی ہوں۔ جس کی وجہ سے پہلے پاکستان میں بے پناہ کامیابیاں ملیں اور اب بالی ووڈ میں بھی کامیابی کا سفر جاری ہے۔

ان کا کہنا تھا میں نے کبھی بھی نمبرون کی دوڑ میں شامل ہونے کی کوشش نہیں کی، اس کی بڑی وجہ یہ ہے کہ جب بھی کوئی فنکار اچھا کام کرتا ہے تو اس کے چاہنے والے دنیا بھر میں سامنے آ جاتے ہیں، لیکن کچھ لوگ اخبارات اورنیوز چینلز پر خود ہی بیان دے کر اپنے آپ کو''نمبرون'' کہلوانا پسند کرتے ہیں تو ان سے بڑا بے وقوف میرے نزدیک کوئی دوسرا نہیں ہو سکتا، اپنے کام کو محنت سے کرنے والے لوگوں کے دلوں پر راج کرتے ہیں اور میری خواہش ہے کہ میرا شمار ان فنکاروں میں ہونے لگے جو دلوں پر راج کرنے کا فن جانتے ہیں، جب بالی ووڈ میں کام کی آفر ہوئی تو میں نے یہ بات سوچ لی تھی کہ فلم اور ٹی وی دونوں الگ الگ میڈیم ہیں اس لیے مجھے فلم بینوں کی ڈیمانڈ کو مدنظر رکھتے ہوئے کام کرنا ہے، اس میں بڑی کامیابی ملی بلکہ بالی ووڈ میں مجھے ایک الگ پہچان بھی ملی۔



انھوں نے کہا کہ بالی ووڈ میں اس وقت پاکستان کے ساتھ دنیا کے بیشتر ممالک سے تعلق رکھنے والی اداکارائیں کام کرنے کے لیے آ رہی ہیں، یہاں پر باصلاحیت فنکاروںکو کام کرنے کا موقع دیا جاتا ہے جب کہ جو لوگ کام کرنے کی بجائے صرف باتیں کرتے ہیں ان کی یہاں کوئی جگہ نہیں ہے۔ ایک سوال کے جواب میں سارہ لورین نے بتایا کہ 2014 ء میں بالی وڈ کی دو جب کہ پاکستان کی ایک کثیر سرمائے سے بننے والی فلموں میں اہم کردار ادا کرونگی، اس لیے آنیوالا سال میرے لیے بہت اہمیت کا حامل ہے۔ میں نے بالی وڈ کے دو لیڈنگ فلم میکر اداروں کی فلمیں سائن کی ہیں جن میں میرے مدمقابل بالی وڈ کے مرکزی فنکار ہونگے جب کہ پاکستان میں بنائی جانیوالی ایک فلم کے لیے مجھے گزشتہ دنوں رابطہ کیا گیا تھا جس کی کہانی اور اپنے کردارکے بارے میںجاننے کے بعد میں نے فلم میں کام کرنے کی حامی بھر لی ہے، مجھے یہ جان کر بیحد خوشی ہے کہ اب پاکستان میں فلم انڈسٹری کی کمانڈ فارمولا فلمیں بنانے والوں کی بجائے نوجوان نسل نے سنبھال لی ہے۔

گزشتہ چند برسوں کے دوران پاکستانی فلموں کی شہرت کے چرچے بالی وڈ میں بھی ہونے لگے ہیں اورمجھے امید ہے کہ آنیوالے چند برسوں میں پاکستانی فلمیں ہالی ووڈ اوربالی وڈ کی طرح اپنی ایک منفرد پہچان بنا لیں گی۔ یہی وجہ ہے کہ بالی وڈ میں بے پناہ مصروفیت کے باوجود میںنے پاکستانی فلم میں کام کرنے کی حامی بھرلی۔ انھوں نے مزید بتایا کہ بالی ووڈ میں فلموںکی عکسبندی کے ساتھ ساتھ کچھ برانڈز کے فوٹو شوٹ بھی کیے ہیں جب کہ ایک ٹی وی کمرشلز کی شوٹنگ کے لیے آئندہ ماہ سائوتھ افریقہ جائونگی، اس کے علاوہ ممبئی میں ڈانسنگ کلاس، جم اوردیگرسرگرمیاں جاری ہیں جو میرے پروفیشن کی ضرورت ہیں۔