برطانوی وزیراعظم بورس جانسن میں بھی کورونا وائرس کی تصدیق

ویب ڈیسک  جمعـء 27 مارچ 2020
بورس جانسن میں ایک ہفتے سے کچھ معمولی علامتیں ظاہر ہوئی تھیں، فوٹو : فائل

بورس جانسن میں ایک ہفتے سے کچھ معمولی علامتیں ظاہر ہوئی تھیں، فوٹو : فائل

 لندن: چند علامتیں ظاہر ہونے پر برطانوی وزیراعظم بورس جانسن کا کورونا وائرس کا ٹیسٹ کیا گیا جو مثبت آیا ہے۔

برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق وزیراعظم بورس جانس بھی کورونا وائرس سے متاثر ہونے والے افراد میں شامل ہوں گے جس کے بعد وزیراعظم نے خودساختہ قرنطینہ اختیار کر لیا ہے تاہم وہ فون اور ویڈیو کال کے ذریعے ملکی امور کی انجام دہی جاری رکھیں گے۔

یہ خبر پڑھیں : کورونا وائرس نے چین اور امریکا کو متحد کردیا

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ویڈیو پیغام میں وزیراعظم بورس جانسن نے کہا کہ چند روز سے کچھ معمولی نوعیت کی علامتیں ظاہر ہونا شروع ہوئی تھیں جس پر کورونا وائرس کا ٹیسٹ کرایا جو مثبت آیا ہے اس لیے آئسولیشن میں جا رہا ہوں تاہم ملکی امور ویڈیو کانفرنس کے ذریعے جاری رکھوں گا۔

وزیراعظم جارج بورس جانسن کورونا وائرس کے حوالے سے کافی متحرک رہے ہیں اور اس دوران کافی میٹنگز کی ہیں، غیرملکی وفد سے ملے ہیں اور شاہی خاندان سے بھی رابطہ رہا ہے جس کی وجہ سے شک کی بنا پر اب کابینہ سمیت اہم شخصیات کے ٹیسٹ بھی کیے جائیں گے۔

یہ خبر بھی پڑھیں : شہزادہ چارلس میں کورونا وائرس کی تصدیق

دو روز قبل 71 سالہ برطانوی شہزادہ چارلس میں بھی کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی تھی جس کے بعد شہزادے کو قرنطینہ کردیا گیا تھا جب کہ شاہی خاندان کو پہلے ہی 70 سے زائد عمر کے شاہی ممبران کو قرنطینہ کا مشورہ دیا گیا تھا جس پر عمل درآمد کرتے ہوئے تمام تقریبات منسوخ کردی گئی تھیں۔

یہ پڑھیں : کورونا وائرس نے چین اور امریکا کو متحد کردیا

واضح رہے کہ برطانیہ میں 12 ہزار سے زائد افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے جب کہ اس مہلک وائرس سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 600 سے تجاوز کرگئی ہے جس کے باعث ملک بھر میں لاک ڈاؤن کی صورت حال ہے اور عوامی مقامات بند ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔