کورونا؛ پی ٹی آئی تنظیمی ڈھانچہ غیر متحرک

رضوان آصف  پير 30 مارچ 2020
عہدیداروں کی آگاہی مہم، اداروں کی مدد میں عدم دلچسپی، اراکین اسمبلی، ٹکٹ ہولڈرز بھی توقع کے مطابق متحرک نہیں۔ فوٹو: فائل

عہدیداروں کی آگاہی مہم، اداروں کی مدد میں عدم دلچسپی، اراکین اسمبلی، ٹکٹ ہولڈرز بھی توقع کے مطابق متحرک نہیں۔ فوٹو: فائل

لاہور: کورونا وائرس بحران کے دوران تحریک انصاف کا تنظیمی ڈھانچہ اپنی وفاقی و صوبائی حکومتوں کی نچلی سطح تک معاونت کرنے میں ناکام ثابت ہوا۔

حالیہ تنظیم سازی کے دوران یوسی سطح پر بنائے گئے ہزاروں عہدیداروں نے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے گلی محلہ کی سطح پر عوامی آگاہی ، سرکاری محکموں اور اداروں کی مدد میں حقیقی دلچسپی کا مظاہرہ نہیں کیا جبکہ منتخب اراکین اسمبلی ٹکٹ ہولڈرز کی بڑی تعداد بھی اپنے حلقوں میں اس طرح سے متحرک اور فعال نہیں رہی جیسا کہ انکے ووٹرز توقع کر رہے تھے۔

بنیادی تنظیم سمیت انصاف ٹائیگر فورس ، یوتھ ونگ ، انصاف سٹوںڈنٹس فیڈریشن کے ہوتے ہوئے غیر جماعتی بنیادوں پر ’’ کورونا ریلیف ٹائیگر فورس ‘‘ کی تشکیل سے مطلوبہ نتائج کا حصول مشکل دکھائی دیتا ہے کیونکہ گزشتہ 20 ماہ کے دوران حکومتی کارکردگی سے عوام کی اکثریت غیر مطمئن ہے۔

ملک میں جاری کورونا وائرس بحران کے دوران حکومت کی معاونت اور عوامی مدد کی کسوٹی پر تحریک انصاف کی تنظیم عملی طور پر مطلوبہ کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کر سکی ، اراکین اسمبلی اور ٹکٹ ہولڈرز کی بڑی اکثریت اور تنظیمی عہدیدار اپنے حلقوں اور علاقوں میں متحرک دکھائی نہیں دے رہے ، نہ تو لاک ڈاؤن کو کامیاب کروانے کیلئے عوام کو گھروں میں رہنے کیلئے کوئی مہم چلائی نہ مستحق افراد کی مدد اور انہیں خوراک کی فراہمی کیلئے اقدامات کیے۔

بعض ٹکٹ ہولڈرز اور پارٹی عہدیداروں نے ( جن کی تعداد نہایت کم ہے ) اپنے علاقوں میں اپنی استعداد اور بساط کے مطابق لوگوں کی مدد کرنے کی کوشش کی لیکن مجموعی طور پر تحریک انصاف کی جانب سے سنجیدہ اقدامات دکھائی نہیں دے رہے البتہ چند ایک مقامات پر بعض عہدیداروں نے چند ماسک یا راشن تقسیم کر کے ’’فوٹو شوٹ‘‘ کروا کر کارروائی ڈالنے کی کوشش کی۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔