تنگ نظربھارتی اپنے ہی کرکٹرزکے پیچھے پڑگئے

اسپورٹس رپورٹر  جمعرات 2 اپريل 2020
انسانی ہمدردی کی بنیاد پر دیے گئے پیغام کا غلط مطلب نکالا گیا،یوراج
فوٹو: فائل

انسانی ہمدردی کی بنیاد پر دیے گئے پیغام کا غلط مطلب نکالا گیا،یوراج فوٹو: فائل

 لاہور:  تنگ نظربھارتی اپنے ہی کرکٹرزکے پیچھے پڑ گئے، شاہدآفریدی کے فلاحی کاموں کی تعریف کرنے والے ہربھجن سنگھ اور یوراج سنگھ پر تنقید کے نشتر برسادیے، یوراج نے ہم وطنوں کی سوچ پر حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ انسانی ہمدردی کی بنیاد پر دیے جانے والے پیغام کا غلط مطلب نکالا گیا۔

تفصیلات کے  مطابق کرکٹ کے میدانوں میں شاہد آفریدی اور یوراج سنگھ میں برتری کیلیے جنگ بعض اوقات لفظی گولہ باری تک بھی پہنچ جاتی تھی،البتہ کورونا وائرس کی وجہ سے پیدا ہونے والے حالات میں یوراج نے پاکستانی اسٹاراور ان کی فاؤنڈیشن کو بھرپور حمایت کا یقین دلایا ہے، ایک بیان میں انھوں نے کہا کہ یہ کڑے امتحان کا وقت ہے، ہمیں محروم طبقوں کا خیال رکھنا ہوگا،یوراج نے عطیات دینے کے لیے ویب سائٹ کا لنک بھی شیئرکیا، انھوں نے اپنے طور پر تو بھلائی کا کام کیا لیکن تنگ نظر بھارتیوں نے آفریدی کے سابقہ بیانات کا حوالا دیتے ہوئے انھیں سوشل میڈیا پر سخت تنقید کا نشانہ بنانا شروع کردیا، چند ایک نے کہا کہ بھارتی شہریوں کے مسائل چھوڑ کریوراج کا آفریدی اور ان کے ملک کی فکر کرنا حیران کن ہے۔

دوسری جانب سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر شاہد آفریدی کے نیک مقاصد کی حمایت کرنے والے ہربھجن سنگھ کو بھی آڑے ہاتھوں لیا گیا،اس صورتحال میں یوراج سنگھ نے ناقدین کو سخت الفاظ میں جواب دیتے ہوئے کہا کہ ایک بحرانی صورتحال میں ضرورت مندوں کی مدد کیلیے دیے گئے بیان کو غلط رنگ دینے پر مجھے حیرت ہے، میری بات کا مقصد یہ تھا کہ ہمیں اپنے اپنے ملکوں کے عوام کیلیے رضاکارانہ جذبے سے کام کرنا چاہیے، کسی کی دل آزاری میرا مقصد نہیں تھا، میں ایک بھارتی ہوں اور ہمیشہ انسانیت کی قدر کرتا رہوں گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔