پاکستان سے ناکامی کا غصہ بھارت جنوبی افریقہ کے نشانے پر

دھونی الیون کو زیر کرنے کیلیے اپنا تمام ہنر آزماؤں گا، میزبان فاسٹ بولر ڈیل اسٹین


Sports Desk December 02, 2013
دھونی الیون کو زیر کرنے کیلیے اپنا تمام ہنر آزماؤں گا، میزبان فاسٹ بولر ڈیل اسٹین۔ فوٹو : فائل

پاکستان کے ہاتھوں ون ڈے سیریز میں ناکامی کے بعد جنوبی افریقی فاسٹ بولر ڈیل اسٹین نے بھارت سے مقابلوں کو اپنی توجہ کا مرکز بنالیا۔

ان کا خیال ہے کہ بھارتی بیٹسمین ہمارے بائونسرز سے دبائو کا شکار نہیں ہوں گے، بھارتی ٹیم کی نئے پلیئرز شارٹ پچ بالز پر اسٹروکس کھیلنے سے قطعی نہیں گھبراتے، تاہم میں انھیں بے آرام کرنے کیلیے اپنے تمام ہنر کو آزمائوں گا۔دھونی الیون کیخلاف 5 دسمبر سے شروع ہونے والی تین میچز کی ون ڈے سیریز میں ڈیل اسٹین میزبان ٹیم کا خطرناک اور مہلک ہتھیار ہوں گے، تاہم ڈیل اسٹین اس تاثر کو ماننے سے انکار کردیا کہ موجودہ بھارتی بیٹنگ لائن ان کی شارٹ پچ بالز سے ڈرجائے گی، مقامی اخبار کیلیے تحریرکردہ اپنے کالم میں اسٹین نے رقم کیا کہ بھارتی ٹیم کے موجودہ ٹاپ 5 نوجوان بیٹسمین ہمارے سخت حریف ثابت ہوں گے، بھارتی ٹیم بہت ' جدید ' ہے اور وہ شارٹ بالز سے قطعی نہیں گھبرائے گی۔



وہ تمام جانتے ہیں کہ ان سے کیا توقعات وابستہ کی گئی ہیں اور میں بھی جانتا ہوں کہ وہ ہماری خطرناک بائونسرز کے سامنے ہتھیارآسانی سے نہیں ڈالیں گے، اسٹین نے بھارتی بیٹسمینوں کو قابو کرنے کیلیے ان کی ویڈیوز کا جائزہ لینا شروع کررکھا ہے، اس بابت انھوں نے کہا کہ میں اس حوالے سے جہاں تک دستیاب معلومات ہیں اسے حاصل کررہا ہوں، میں نے تمام بھارتی بیٹسمینوں کے لیے خاص منصوبے بنائے ہیں اور مجھے ان کے سامنے خود کو دوبارہ ایکشن میں دیکھنے کیلیے انتظار کر نا مشکل ہورہا ہے، انھوں نے مزید کہا کہ بھارتی ٹیم کے ہیڈ کوچ ڈنکن فلیچر نے انھیں اس دورے کیلیے تیاریاں کرائی ہوں گی، اس لیے میرے لیے اس سیریز میں ان کی عمدہ پرفارمنس قطعی سرپرائز نہیں ہوگی، اسٹین نے مزید کہاکہ پاکستان سے سیریز میں ناکامی کے باوجود ہم درست سمت میں گامزن ہونے اور اپنے کھیل میں بہتری کے لیے ہمہ وقت تیار رہتے ہیں۔