پاکستان کرکٹ بورڈ نے زیمبیا میں جاری ایشین لیجنڈز لیگ 2026 میں بعض سابق پاکستانی کرکٹرز کی شرکت کا سخت نوٹس لے لیا۔
آئی سی سی کے مطابق ایشین لیجنڈز لیگ 2026 غیر منظور شدہ کرکٹ ایونٹ ہے زیمبیا کرکٹ یونین نے بھی ایشین لیجنڈز لیگ 2026 کو باضابطہ منظوری نہیں دی۔ آئی سی سی قوانین کے تحت غیر ملکی کرکٹرز کے لیے بیرون ملک ایونٹس میں شرکت سے قبل اپنے ہوم بورڈ سے این او سی لینا لازمی ہے۔
آئی سی سی نے رکن کرکٹ بورڈز کو غیر منظور شدہ ایونٹس میں شرکت کرنے والے کھلاڑیوں کے خلاف کارروائی کی ہدایت کر دی۔
پی سی بی کی منظوری کے بغیر غیر منظور شدہ ایونٹ میں شرکت کرنے والوں کے خلاف سخت تادیبی کارروائی ہوگی خلاف ورزی کرنے والے افراد کو دو سال تک پی سی بی کی جانب سے کسی بھی اوورسیز لیگ کے لیے این او سی جاری نہیں کیا جائے گا۔ خلاف ورزی کرنے والے افراد دو سال تک پی سی بی اور ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ سے وابستہ کسی بھی ذمہ داری کے اہل نہیں ہوں گے پابندی کا اطلاق کرکٹ، کوچنگ، مینٹورنگ اور دیگر تمام پی سی بی اسائنمنٹس پر ہوگا۔
پی سی بی نے آئی سی سی قوانین پر مکمل عملدرآمد کے عزم کا اعادہ کر دیا۔ پی سی بی نے تمام موجودہ اور سابق کرکٹرز کو ہدایت کی ہے کہ بیرون ملک کسی بھی ایونٹ میں شرکت سے قبل لازمی این او سی حاصل کریں۔
پی سی بی عالمی کرکٹ قوانین پر عملدرآمد یقینی بنانے کے لیے آئی سی سی اور دیگر رکن بورڈز کے ساتھ قریبی تعاون جاری رکھے گا