چینی اسکینڈل؛ وزیراعظم اور وزیراعلی پنجاب کو کمیشن میں طلب کیا جائے، (ن) لیگ

ویب ڈیسک  جمعـء 10 اپريل 2020
چینی ایکسپورٹ، سبسڈی اور قیمتوں کے فیصلوں کی منظوری عمران خان نے دی،مریم اورنگزیب فوٹو: فائل

چینی ایکسپورٹ، سبسڈی اور قیمتوں کے فیصلوں کی منظوری عمران خان نے دی،مریم اورنگزیب فوٹو: فائل

 اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ (ن) نے آٹا چینی اسکینڈل میں وزیراعظم اور وزیراعلی پنجاب کو کمیشن میں طلب کرنے کا مطالبہ کردیا۔

مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان اور وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے چینی کی برآمد ، سبسڈی اور قیمتوں کے تمام فیصلوں کی منظوری دی، صنعتکاروں نے حکومت کی بنائی ہوئی پالیسی سے فائدہ اٹھایا جنہوں نے یہ پالیسی بنائی، اصل ذمہ دار وہ ہیں جن کے فیصلوں نے تمام نامی اور بے نامی دار چینی فروخت کرنے والوں کو فائدہ پہنچایا۔ اس لئے چینی اسکینڈل میں وزیراعظم اور وزیراعلی پنجاب کو کمیشن میں طلب کیا جائے۔ چینی کمیشن عمران خان کے بنی گالہ اور زمان پارک کی اربوں کی جائیداد اور سالانہ ایک لاکھ روپیہ ٹیکس کا ڈیٹا بھی ایف بی آر کو بھیجے۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ نیب نیازی گٹھ جوڑ نے اپوزیشن کو انکوائری سے پہلے ہی گرفتارکیا اور سزائے موت کی کال کوٹھریوں میں رکھا، چینی انکوائری رپورٹ آنے کے بعد بھی نیب چئیرمین عمران خان اور عثمان بزدار کی گرفتاری عمل میں نہیں لائے، آٹا چینی چوری کے اصل ذمہ دار عمران صاحب اور بزدارصاحب ہیں انہیں کب گرفتار کیا جائے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔