ٹی 20 ورلڈ کپ مقابلے خالی اسٹیڈیمز میں کرانے کے بجائے ملتوی کرنے کی آوازیں بلند

محمد یوسف انجم  منگل 14 اپريل 2020
ٹی 20 ورلڈکپ اکتوبر میں شیڈول ہے فوٹو: فائل

ٹی 20 ورلڈکپ اکتوبر میں شیڈول ہے فوٹو: فائل

 لاہور / سڈنی: کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے بعد خالی اسٹیڈیمز میں ٹی 20 ورلڈکپ کرانے کے بجائے اسے ملتوی کرنے کی آوازیں بلند ہونا شروع ہوگئیں۔

‏سابق آسٹریلوی کپتان ایلن بارڈر نے بغیر تماشائیوں کے ٹی 20 ورلڈ کپ کرانے کے آئیڈیا کو مسترد کردیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ خالی خالی میدانوں میں کھیلنے کا سوچ بھی نہیں سکتا۔ ‏تماشائیوں کے بغیر میچز ہوئے تو یہ ایک بھیانک تصور ہوگا جس کا یقین نہیں کیا جاسکتا۔ میں ایسا ہوتا ہوا نہیں دیکھ سکوں گا۔ میچز میں یا تو سب کو اجازت ہو یا پھر وبا کے ختم ہونے کا انتظار کریں۔ ٹی 20 ورلڈ کپ سمیت تمام میچز منسوخ کردیں کیونکہ یہ کسی مناسب وقت پر کرائے جاسکتے ہیں۔

دوسری جانب آسٹریلوی بیٹسمین گلین میکسویل نے بھی سابق کپتان ایلن بارڈر کے بیان کی حمایت کر دی۔ ان کا موقف ہے کہ ٹی 20 ورلڈ کپ بغیر تماشائیوں کے نہیں دیکھ سکتا، میرا نہیں خیال کہ مستقبل قریب میں ایسا ممکن ہے، کھلاڑیوں کے لیے بہت مشکل ہوگا۔
ٹی 20 ورلڈکپ اکتوبر میں شیڈول ہے۔ موجودہ صورتحال میں اس ایونٹ کو جاری رکھنے یا دوسرے آپشنز پر غور کے لیے ابھی تک منتظمین اور آئی سی سی کسی حتمی فیصلے پر نہٰیں پہنچ پائی۔ دیکھو اور انتظار کرو کہ پالیسی جاری ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔