تاجربرادری مسائل ایک ہفتے میں لکھ کر دیدے اویس مظفر

مسائل وزیر اعلیٰ کے تعاون سے ایک ایک کر کے مخصوص مدت میں حل کرائے جائیں گے،سابق وزیربلدیات


Business Reporter December 04, 2013
حکومت اور تاجربرادری مشترکہ حکمت عملی کے ساتھ تجارت وصنعت کو درپیش تمام نوعیت کے مسائل حل کریں۔ فوٹو:فائل

سابق وزیر بلدیات اور رکن سندھ اسمبلی سید اویس مظفر نے ایک ہفتے میں تاجر برادری کے نشاندہی شدہ مسائل تحریری طور پرکراچی چیمبر آف کامرس سے طلب کرلیے ہیں۔

پیر کی شب کراچی چیمبرکی جانب سے دیے گئے عشائیے سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ وہ ان نشاندہی شدہ مسائل کو وزیراعلیٰ سندھ کے تعاون سے ایک ایک کر کے مخصوص مدت میں حل کرائیں گے۔ انہوں نے کراچی چیمبر پر زور دیا کہ وہ اجتماعی مسائل پر خصوصی توجہ مرکوز کرے تاکہ ان مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ حکومتی وسائل انتہائی محدود ہوتے ہیں لہٰذا ضروری ہے کہ حکومت اور تاجربرادری مشترکہ حکمت عملی و تعاون کے ساتھ تجارت وصنعت کو درپیش تمام نوعیت کے مسائل حل کریں۔ انہوں نے کہا کہ وہ بذات خود کراچی کی تاجربرادری کے مسائل حل کرانے میں دلچسپی رکھتے ہیں تاکہ صوبے میں تجارتی وصنعتی سرگرمیوں کا فروغ، روزگار کے مواقع پیدا ہونے کے ساتھ معیشت درست سمت پر چل سکے۔



اس موقع پربزنس مین گروپ کے چیئرمین سراج قاسم تیلی نے رکن سندھ اسمبلی سید اویس مظفر سے درخواست کی کہ وہ کراچی چیمبر کی نمائندگی کرتے ہوئے مثبت اور کاروبار دوست اقدامات عمل میں لانے کے لیے سندھ حکومت پر زور دیں۔ انہوں نے کہاکہ کراچی آپریشن بلا رنگ و نسل اورسیاسی وابستگی سے بالا تر ہو کر اس وقت تک ضرور جاری رہنا چاہیے جب تک شہر قائد مکمل طورپر امن کاگہوارہ نہیں بن جاتا۔ بی ایم جی کے وائس چیئرمین زبیر موتی والا نے تاجربرادری کوتمام بنیادی سہولتوں بجلی ، گیس اور پانی کی بلاتعطل فراہمی اور برابری کی سطح پر کاروباری مواقع فراہم کرنے پرزوردیا۔ کراچی چیمبرکے صدر عبداللہ ذکی نے تاجربرادری کی جانب سے سید اویس مظفر کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے سندھ میں غریب و متوسط طبقہ کے لیے تمام تر وسائل کو بروکار لاتے ہوئے عوام کو حقیقی معنوں میں ریلیف فراہم کرنے کی کوششیں کی۔ اس موقع پر اے کیوخلیل نے بھی خطاب کیا ۔