بھارتی پولیس نے نوجوانوں کو کورونا مریض کے ساتھ بند کردیا

لوگوں کو سبق سیکھانے کیلئے بھارتی پولیس کی جانب سے کورونا مریض کا ڈراما رچایا گیا تھا


ویب ڈیسک April 25, 2020
لوگوں کو سبق سیکھانے کیلئے بھارتی پولیس کی جانب سے کورونا مریض کا ڈراما رچایا گیا تھا فوٹوانٹرنیٹ

بھارتی ریاست تامل ناڈو میں پولیس کی جانب سے لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی کرنے والے نوجوانوں کوکورونا مریض کے ساتھ ایمبولینس میں بند کرنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے۔

مہلک اور جان لیوا کورونا وائرس نے دنیا بھر کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے۔ یہ وائرس اتنا خطرناک ہے کہ اب تک لاکھوں لوگ اس کی زد میں آکر اپنی جان سے ہاتھ دھوبیٹھے ہیں۔ کورونا وائرس کی اب تک ویکسین دریافت نہیں ہوسکی ہے لہذٰا اس مہلک وائرس سے بچنے کا صرف ایک ہی طریقہ ہے اور وہ ہے احتیاطی تدابیر۔

دنیا بھر کے ممالک کی حکومتیں کورونا وائرس کے خطرے کے پیش نظر اپنے شہریوں کو گھر میں رہنے کی ہدایت دیتی نظر آرہی ہیں لیکن پاکستان اور بھارت میں لوگوں نے حکومتی ہدایت کو ہوا میں اڑادیا ہے اور لوگ لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی کرتے ہوئے کورونا کے باعث ہونے والی چھٹیوں کو انجوائے کرتے نظر آرہے ہیں۔

پولیس بھی لوگوں کو سمجھا سمجھا کر تھک گئی ہے لہذا بھارتی ریاست تامل ناڈو کے شہرترو پور میں پولیس نے لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی کرنے والے افراد کو سمجھانے کا نہایت انوکھا طریقہ اپنایا اور لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی کرنے والے چند منچلے نوجوانوں کو پکڑ کر کورونا وائرس میں مبتلا مریض کے ساتھ ایمبولینس میں بند کردیا۔

تاہم ایمبولینس میں کورونا کا مریض نہیں بلکہ ایک صحت مند شخص موجود تھا اور پولیس کی جانب سے لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی کرنے والوں کو خوفزدہ کرنے اور سبق سیکھانے کے لیے ڈراما رچایا گیاتھا۔

بھارتی پولیس کی یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہورہی ہے جس میں نوجوان کورونا مریض کو دیکھ کر گھبراجاتے ہیں اور پولیس سے معافیاں مانگتے ہوئے ایمبولینس سے باہر نکلنے کی درخواست کرتے ہیں لیکن پولیس ان کی ایک نہیں سنتی۔ سوشل میڈیا پراس ویڈیو کو کافی پسند کیاجارہا ہے۔

https://www.youtube.com/watch?v=CRdAFjfa-vc&fbclid=IwAR19gtwlBxC3Kw-_tQNyD45KvQWMxOdois0xxYJYjdWtHXV3SaBVA_F4Qr4