’ارطغرل غازی‘ نوجوانوں کو اسلامی تاریخ واخلاقیات سے روشناس کرائے گا، وزیراعظم

ویب ڈیسک  پير 27 اپريل 2020
بالی ووڈ اور ہالی ووڈ کی فحاشی کی وجہ سے ہمارے یہاں ڈرگ کلچر بڑھ رہاہے ، وزیراعظم عمران خان فوٹوفائل

بالی ووڈ اور ہالی ووڈ کی فحاشی کی وجہ سے ہمارے یہاں ڈرگ کلچر بڑھ رہاہے ، وزیراعظم عمران خان فوٹوفائل

کراچی: وزیراعظم عمران خان نے ترکی کے مقبول ترین ڈرامے ’’ارطغرل غازی‘‘کو پاکستان میں نشر کرنے کا مقصد بیان کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ڈراما ہمارے نوجوانوں کو اسلامی تاریخ اور اخلاقیات کے بارے میں جاننے کے قابل بنائے گا۔

وزیراعظم عمران خان نے مسلمانوں کی تاریخ اور لازوال کامیابیوں پر مبنی ترکش ڈرامے ’’دیریلش ارطغرل‘‘ جسے ’’ارطغرل غازی‘‘ اور ترکی کا ’’گیم آف تھرون‘‘ بھی کہا جاتا ہے کو  پاکستان کے سرکاری ٹی وی چینل پی ٹی وی سے اردو میں ڈب کرکے نشر کرنے کی ہدایت کی تھی۔

وزیراعظم کی ہدایت کےمطابق یہ ڈراما یکم رمضان سے نشر کیاجارہا ہے اور ڈرامے کی پہلی ہی قسط نے پسندیدگی کے ریکارڈ توڑ دئیے ہیں۔ یہ ڈراما اس عظیم شخصیت کے بارے میں ہے جو سلطنت عثمانیہ کے بانی عثمان اول کے والد تھے۔ ان کا نام ارطغرل تھا اور انہيں ارطغرل غازی کے نام سے بھی جانا جاتا ہے۔  یہ ایک خانہ بدوش قبیلہ قائی کے سردار تھے۔ ڈرامے میں دکھایا گیا ہے کہ 13 ویں صدی کے ترک سپہ سالار ارطغرل غازی نے نہ صرف منگولوں اور صلیبیوں کا بہادری سے مقابلہ کیا بلکہ کئی کامیابیاں اور فتوحات بھی سمیٹیں۔

یہ بھی پڑھیں: ترک ڈرامہ سیریل ارطغرل دیکھ کر غیرملکی جوڑے نے اسلام قبول کرلیا

یہی وجہ ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے مسلمانوں کی فتوحات پر مبنی اس ڈرامے کو اردو میں ڈب کرنے کی ہدایت کی تاکہ ہمارے نوجوان اسلامی اقدار، ثقافت اور فتوحات سے روشناس ہوسکیں۔ اس حوالے سے وزیراعظم ہاؤس ایک ویڈیو  بھی جاری کی گئی ہے جس میں وزیراعظم کہتے نظر آرہے ہیں کہ یہ ڈراما نا صرف دلچسپی سے بھرپور ہے بلکہ اس میں اسلامی کلچر دکھایا گیا ہے ۔

وزیراعظم نے کہا ہمارے یہاں برسوں سے ہالی ووڈ اور بالی ووڈ کے کلچر کی تشہیر کی جارہی ہے اور میں چاہتا ہوں کہ ہمارے بچوں اورنوجوانوں کو پتہ چلے کہ ہم میں اور ان میں کیا فرق ہے ۔ ہمارا بھی ایک کلچر ہے اس میں بھی رومینس ہے ہماری ایک تاریخ ہے ۔ ڈراما سیریل ’’ارطغرل غازی‘‘میں اسلامی اقدار  اور اخلاقیات دکھائی گئی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: ’’دیریلش؛ ارطغرل‘‘ مقبوضہ کشمیرمیں ترکی کا مقبول ترین ڈراما

وزیراعظم نے کہا بالی ووڈ میں جتنی فحاشی آج دکھائی جارہی ہے آج سے 30، 40 سال پہلے اتنی فحاشی نہیں تھی ، لیکن اب اس میں بہت گند آگیا ہے، بالی ووڈ نے ہالی ووڈ کی سب سے بدترین چیزیں اپنالی ہیں لیکن وہ نہیں دکھایا جو مغربی معاشرے کی طاقت ہے۔ بالی ووڈ سے یہ فحاشی ہمارے یہاں آگئی ہے اور اس کا ہمارے بچوں پر بہت برا اثر پڑ رہاہے ۔ اس فحاشی کی وجہ سے ہمارے یہاں منشیات کلچر بڑھ رہاہے ، جرائم میں اضافہ ہورہا ہے ۔ لہذٰا میں چاہ رہاہوں کہ ایک مختلف کلچر دکھایا جائے ۔ وزیراعظم نے مزید کہا یاد رکھیں معاشرے کے اندر جیسے فحاشی بڑھتی جاتی ہے خاندانی نظام گرتا جاتا ہے۔

واضح رہے کہ ڈراما سیریل ’’ارطغرل غازی‘‘کی پہلی ہی قسط نے دھوم مچادی ہے، پی ٹی وی کے مطابق اس ڈرامے کی پہلی قسط نشر ہونے کے بعد پی ٹی وی کے ہوم کے یوٹیوب چینل میں ایک دن میں نا صرف 40 ہزار سبسکرائبرز کا اضافہ ہوا بلکہ پہلے 16 گھنٹوں میں اس ڈرامے کو یوٹیوب پر دو لاکھ 34 ہزار لوگوں نے دیکھا جب کہ یہ ڈراما ٹوئٹر پر مسلسل 5 گھنٹوں تک ٹاپ ٹرینڈ میں رہا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔