کورونا وائرس سے دنیا میں2 لاکھ 38 ہزاراموات 33 لاکھ 37 ہزارسے زائد متاثر

امریکا میں متاثرین کی صحت یابی کی رفتار سست ہے، ریاست مشین گن میں لاک ڈاؤن کے خلاف احتجاج


ویب ڈیسک May 02, 2020
یورپ میں وبا کم ہونے لگی جب کہ روس میں تیزی سے کیسز سامنے آنے لگے۔ فوٹو، انٹرنیٹ

دنیا میں کورونا وائرس کے متاثرین کی تعداد 33 لاکھ 37ہزار تک جا پہنچی اور ہلاکتیں 2 لاکھ 38 ہزار سے تجاوز کر گئیں ہیں جب کہ مجموعی طور پر وبا کے 10 لاکھ سے زائد متاثرین صحت یاب ہوچکے ہیں۔

کورونا وائرس وبا کی روک تھام کے لیے دنیا کے مختلف ممالک میں عائد لاک ڈاؤن میں نرمی کا آغا ہوگیا ہے۔ یورپی ممالک میں پابندیوں میں نرمی کی جانے لگی۔ چین میں معمولات زندگی بحال ہو گئے۔ یورپ میں کورونا کو زور ٹوٹنے لگا تاہم روس میں وبا کے وار تیز ہو گئے اور روسی وزیر اعظم میخائل مشستین بھی وبا کی لپیٹ میں آ گئے ہیں۔

روس میں ایک ہی دن میں8 ہزار کیسز کی تشخیص کے بعد متاثرین کی کل تعداد ایک لاکھ 15 ہزار ہو گئی ہے جب کہ 1 ہزار 169 اموات ہوچکی ہیں۔ روس میں مجموعی طور پر 13 ہزار 220 افراد کورونا وائرس سے صحت یاب ہوچکے ہیں۔

لاک ڈاؤن میں نرمی

ادھر اسپین نے لاک ڈاون میں نرمی کیلئے چار مرحلوں پر مشتمل منصوبے کا اعلان کر دیا ہے۔ ہسپانوی حکومت کے مطابق جون کے آخر تک معمولات مکمل بحال ہو جائیں گے تاہم کورونا کی ویکسین کی تیاری تک زندگی پہلے جیسی کبھی نہیں ہوپائے گی۔ نئے مریضوں کی تعداد میں کمی کے بعد میڈرڈ میں عارضی ہسپتال بھی ختم کر دئیے گئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیے: سعودی حکومت کا مسجد الحرام اور مسجد نبوی کھولنے کا اعلان

ملائیشیا میں پیر سے بیشتر کاروبار کھولے جا رہے ہیں تاہم تمام بڑی مذہبی، سماجی اور کاروباری تقاریب پر پابندی برقرار رہے گی۔ پرتگال نے بھی ہفتے سے ایمرجنسی ختم کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔برطانوی وزیراعظم بورس جانسن کا کہنا ہے کہ ملک میں کورونا وائرس کی وبا کا عروج ختم ہو گیا ہے۔آئندہ ہفتے ملک میں سرگرمیاں بحال کرنے کےحوالےسے جامع منصوبہ بندی کا اعلان کیا جائے گا۔

چین میں کورونا وائرس پر قابو پانے کے بعد معمولات زندحی بحال ہو گئی ہے۔ دیوار چین پر سیاحوں کی آمد شروع ہو گئی۔ عوام کی بڑی تعداد نے بیجنگ کے تفریحی مقامات کا رخ کر لیا۔

امریکا میں کوروناوائرس کی وبا کا پھیلاؤ جاری، لاک ڈاؤن کے خلاف احتجاج

امریکا میں کورونا وبا کے پھیلاؤ میں کمی نہیں آسکی اور متاثرین کی تعداداور ہلاکتوں میں اضافہ جاری ہے۔ امریکا میں کوروناوائرس متاثرین کی صحت یابی کی رفتار بہت سست ہے،اب تک صرف ڈیڑھ لاکھ افراد وائرس سے چھٹکارہ پانے میں کامیاب ہوئےہیں،جبکہ 75ہزارسےزائد مریض زیر علاج ہیں۔ امریکا میں کورونا وائرس کے متاثرین کی مجموعی تعداد 11 لاکھ 15 ہزار سے تجاوز کرچکی ہے جب کہ 65 ہزار افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔

مختلف امریکی ریاستوں میں لاک ڈاؤن کے خلاف بے چینی بڑھ رہی ہے۔ امریکی ریاست مشی گن میں مسلح افرادنے لاک ڈاون کےخلاف احتجاج کیا۔ مظاہرین نےلاک ڈاون ختم کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے گورنر کے دفتر میں گھسنے کی کوشش بھی کی۔

یہ بھی پڑھیے: مجھے الیکشن ہروانے کیلیے چین نے کورونا کو بے قابو ہونے دیا، ٹرمپ

ادھر صدرڈونلڈ ٹرمپ نےایک بار پھر کوروناوائرس کے پھیلاو کاذمہ دارچین کو قرار دے دیا، انہوں نے الزام لگایاکہ کورونا ووہان کی لیبارٹری میں تیارکیاگیا۔انہوں نےخودثبوت دیکھے ہیں۔