اپریل میں مہنگائی کی شرح اعشاریہ 8 فیصد کم رہی

ارشاد انصاری  ہفتہ 2 مئ 2020
 اپریل 2019 سے اپریل 2020 تک مہنگائی کی شرح 8.5 فیصد رہی، ادارہ شماریات

اپریل 2019 سے اپریل 2020 تک مہنگائی کی شرح 8.5 فیصد رہی، ادارہ شماریات

اسلام آباد: رواں مالی سال 2019-20 کے پہلے دس ماہ(جولائی تا اپریل2019-20)کے دوران مہنگائی کی شرح 11.22 فیصد جبکہ اپریل 2019 سے اپریل 2020 تک مہنگائی کی شرح 8.5 فیصد رہی ہے تاہم مارچ 2020کے مقابلے میں اپریل2020 کے دوران مہنگائی کی شرح میں0.8 فیصد کمی واقع ہوئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق  ماہانہ بنیادوں پر اپریل کے دوران دالیں،سبزیاں،تازہ پھل اور چینی سمیت دیگر اشیائے ضروریہ مہنگی ہوئی ہیں جبکہ چکن،تازہ دودھ،تازہ سبزیاں اور ٹماٹر سمیت دیگر اشیاء کی قیمتوں میں کمی آئی ہے۔اس ضمن میں قومی ادارہ شماریات کی جانب سے جاری اعداد و شمار میں بتایا گیا ہے کہ  مارچ کے مقابلے میں اپریل کے دوران مہنگائی کی شرح 0.8 فیصد کم ہوئی ہے۔

ادارہ شماریات کے مطابق اپریل 2019 سے اپریل 2020 تک مہنگائی کی شرح 8.5 فیصد رہی اور جولائی 2019 سے اپریل 2020 تک مہنگائی کی شرح 11.22 فیصد رہی ہے۔ ادارہ شماریات کے اعدادو شمار میں بتایا گیا ہے کہ اپریل2020 میں دال مسور 27.54 فیصد دال مونگ 23.11 فیصد، پھل اور انڈے 17.71 فیصد جبکہ چینی 2.55 فیصد مہنگی ہوئی ہے اس کے علاوہ دال ماش 14 فیصد،دال چنا 10.43 فیصد، بیسن 8 فیصد، لوبیا 4.73 فیصد اور سفید چنے 4.3 فیصد مہنگے ہوئے ہیں۔ واضح رہے کہ مارچ میں مہنگائی کی شرح 10.24 اور جولائی سے مارچ کے دوران مہنگائی کی شرح 11.53 فیصد ریکارڈ کی گئی تھی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔