بھارت میں پھنسے 193 پاکستانیوں کو سفر کی خصوصی اجازت مل گئی

ویب ڈیسک / آصف محمود  ہفتہ 2 مئ 2020
بھارت میں پھنسے ہوئے 193 پاکستانی 5 مئی کو واپس وطن پہنچیں گے فوٹو: فائل

بھارت میں پھنسے ہوئے 193 پاکستانی 5 مئی کو واپس وطن پہنچیں گے فوٹو: فائل

 لاہور: بھارتی وزارت داخلہ نے وہاں پھنسے 193 پاکستانیوں کو واہگہ پہنچنے کے لیے لاک ڈاؤن کے باوجود اندرون ملک سفر کی خصوصی اجازت دے دی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق دنیا کے مختلف ملکوں کی طرح بھارت میں بھی لاک ڈاؤن ہے،عوام کے لیے بین الاضلاعی و ریاستی سفر پر بھی پابندی ہے تاہم بھارتی وزارت داخلہ نے وہاں پھنسے 193 پاکستانیوں کو واہگہ بارڈر تک پہنچنے کے لیے سفر کی خصوصی اجازت دے دی ہے۔ سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ تمام پاکستانی بھارت کے مختلف شہروں سے الگ الگ گاڑیوں میں واہگہ بارڈر پہنچیں گے، جہاں سے سے 5 مئی کو پاکستان میں داخل ہوں گے۔

ایکسپریس کو موصول ہونے والی دستاویزات کے مطابق بھارتی وزارت داخلہ نے پاکستانی شہریوں کو جوکہ مختلف شہروں میں مقیم ہیں انہیں واہگہ اٹاری بارڈر تک سفرکی اجازت دے دی ہے جبکہ بھارتی امیگریشن اورکسٹم حکام کواس بارے آگاہ کردیا گیا ہے۔ بھارت کی مختلف ریاستوں سے پاکستانی شہری اپنے طور پر الگ الگ گاڑیوں سے واہگہ بارڈر پہنچیں گے، بھارتی ریاست اترپردیش کے شہر لکھنؤ سے 5 ، بجنور سے 6، رائے بریلی، آگرہ، رام پوراور کوشامبی سے 3،3، ریاست گجرات کے شہر احمدآباد سے 12، آنند گجرات سے 3، ریاست مدھیہ پردیش کے شہر بھوپال سے 5، برہان پورہ سے 3، اندو مدھیہ پردیش سے33، ریاست مہارشٹرا کے شہر ناگ پور سے 49، جالگاوں سے 7، کولہاپورسے 3 اور ممبئی سے 9 کے علاوہ نئی دہلی، جے پور اور رائے پور سے 9،9، فیروزپورسے 3، لدھیانہ سے ایک، گروگرام ہریانہ 4، جودھ پور سے ایک ، کوٹا سے 3 جب کہ کولکتہ سے 2 پاکستانی شہری واپس وطن پہنچیں گے۔

بھارت سے واپس آنے والے تمام پاکستانیوں شہریوں کی اسکریننگ اورکورونا ٹیسٹ کیے جائیں گے اور انہیں لاہورمیں بنائے گئے مختلف قرنطینہ مراکزمیں رکھا جائے گا، اس سے قبل 17 اپریل کو بھارت سے 41 پاکستانی واپس لوٹے تھے جن سے میں سے 2 خواتین سمیت 5 افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی تھی جس کے بعد پاکستان اوربھارتی حکام نے سرحد پراپنے اپنے امیگریشن اور کسٹم عملے کے بھی ٹیسٹ کیے تھے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔