ناظم آباد سخی حسن پولیس8افراد کی ہلاکت میں ملوث ملزمان گرفتار نہ کر سکی

تبلیغی جماعت کے3 افراد جاں بحق ،سخی حسن پرفائرنگ سے جاں بحق5افرادکی نمازجنازہ کنواری کالونی میں ہوئی


Staff Reporter December 05, 2013
بدترین بدامنی کے باوجود پولیس روایتی بیانات دینے میں مصروف،دونوں واقعات کے مقدمات درج کرلیے گئے ۔ فوٹو : فائل

KARACHI: نارتھ ناظم آباد اور سخی حسن میں فائرنگ کے2 مختلف واقعات میں 8 افراد کی ہلاکت کے مقدمات درج کرلیے گئے لیکن تحقیقات میں کوئی پیش رفت نہ ہوسکی، دونوں واقعات میں کوئی گرفتاری بھی عمل میں نہیں آسکی ہے۔

منگل کو آدھے گھنٹے کے دوران نارتھ ناظم آباد بلاک آئی اور سخی حسن چورنگی پر فائرنگ کے 2 واقعات پیش آئے جس میں 8 افراد جاں بحق ہوئے،پولیس کسی بھی واقع میں ملوث ملزمان کو گرفتار نہیں کرسکی جبکہ سخی حسن چورنگی پر ملزمان نے کلاشنکوف سے فائرنگ کی اور باآسانی فرار ہوگئے پولیس محض روایتی بیانات دینے تک محدود رہی،منگل کو نارتھ ناظم آباد میں پیش آنے والے واقع میں تبلیغی جماعت سے تعلق رکھنے والے3 افراد عبدالمجید ولد محمود،خطاب ولد احمد اور سلمان ولد سلیم جاں بحق جبکہ قاری محمد حنیف زخمی ہوگئے تھے،عبدالمجید اور خطاب مراکش سے تبلیغ کے لیے آئے ہوئے تھے۔



شارع نور جہاں پولیس نے واقع کا مقدمہ انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت زخمی محمد حنیف کی مدعیت میں نامعلوم ملزمان کے خلاف درج کیا ہے،مذکورہ واقع کے صرف نصف گھنٹے بعد ہی سخی حسن چورنگی پر نامعلوم افراد نے ڈبل کیبن گاڑی پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں مشتاق مہمند ولد ملک گل رئیس ، مجاہد ولد بادشاہ دین، جمشید ولد شاہجہاں ، زرمحمد اور شیر زمان جاں بحق ہوگئے تھے ، پانچوں افراد منگھوپیر کے علاقے کنواری کالونی کے رہائشی تھے، پانچوں افراد کی نماز جنازہ کنواری کالونی میں سہ پہر 4 بجے ادا کی گئی،نماز جنازہ و تدفین میں علاقہ مکینوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی،شارع نور جہاں پولیس نے5 افراد کی ہلاکت کا مقدمہ انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت محمد جاوید کی مدعیت میں نامعلوم ملزمان کے خلاف درج کرلیا ہے پولیس کا کہنا ہے کہ دونوں واقعات کی تفتیش شروع کردی ہے تاہم گرفتاری عمل میں نہیں آسکی ہے۔