پارلیمنٹ کے ارکان و اسٹاف میں کورونا کیسز مثبت آنے کا انکشاف

ویب ڈیسک  اتوار 10 مئ 2020
 کورونا وائرس کا شکار ہونیوالے ارکان کا ایوانوں میں داخلہ بند ہو گا۔ ۔ فوٹو: فائل

کورونا وائرس کا شکار ہونیوالے ارکان کا ایوانوں میں داخلہ بند ہو گا۔ ۔ فوٹو: فائل

 اسلام آباد: اب تک دو ارکان پارلیمنٹ کی مثبت رپورٹ جاری کر دی گئی۔ 

ایکسپریس نیوز کے مطابق صدر مملکت عارف علوی نے 11 مئی کو قومی اسمبلی کا اجلاس طلب کرتے ہوئے اجلاس میں شرکت کے لیےارکان کا کورونا ٹیسٹ کروانا لازم قرار دیا تھا، قومی اسمبلی کا اجلاس کل اور سینیٹ اجلاس منگل کو ہو گا اور اس کے لئے ارکان کے کورونا ٹیسٹ لئے جارہے ہیں اور پارلیمانی اجلاسوں سے قبل کورونا وائرس کے کیسز سامنے آنے لگے ہیں۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: ارکان پارلیمنٹ و سینٹ کا کورونا ٹیسٹ کروانا لازمی قرار

ذرائع کا کہنا ہے کہ این آئی ایچ کے عملے نے ارکان پارلیمنٹ کے ٹیسٹ کے نمونے حاصل کر لئے ہیں، اب تک جن ارکان کے ٹیسٹ لئے گئے ہیں ان میں ترجمان مسلم لیگ (ن) مریم اورنگزیب، طاہرہ اورنگزیب، راجہ ظفرالحق، رانا ثنااللہ، مشاہد حسین،مائزہ حمید، عائشہ غوث پاشا، جنرل (ر)عبد القیوم اور سینیٹر سلیم ضیاء شامل ہیں، اور اب تک ان میں سے  اب تک دو ارکان پارلیمنٹ اور پارلیمنٹ کے اسٹاف کی کورونا رپورٹ مثبت آچکی ہے، جب کہ باقی ارکان کی ٹیسٹ رپورٹ بھی آج شام تک جاری ہو گی۔

دوسری جانب ارکان پارلیمنٹ اور عملے میں کورونا کی تشخیص کے بعد ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سلیم مانڈی والا نے قومی اسمبلی اور سینیٹ اجلاس موخر کرنے کی تجویز دے دی ہے اور کہا ہے کہ ارکان اور  پارلیمنٹ عملے میں کورونا کی تشخیص باعث تشویش ہے۔

سلیم مانڈی والا نے کہا کہ کورونا کیسز میں اضافے سے متعلق میرے خدشات درست ثابت ہو رہے ہیں، اب یہ وائرس پارلیمنٹ کی راہداریوں میں بھی پہنچ گیا ہے،  مزید ارکان اور عملے میں کرونا کی تشخیص ہونے کا خدشہ ہے، بروقت خبردار کردیا تھا کہ ٹیسٹ کے بغیر کسی کو پارلیمنٹ میں داخل نہ ہونے دیا جائے، موجودہ صورتحال میں اجلاس بلانے کے خطرناک نتائج نکل سکتے ہیں، ضروری ہو تو اجلاس میں تاخیر کی جائے اور ٹیسٹ کو یقینی بنانے کے بعد ئی پارلیمنٹ میں داخلے کی اجازت دی جائے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔