وزیر اعظم کا دیا مر بھاشا ڈیم کا تعمیراتی کام فوری شروع کرنے کا حکم

رضوان غلزئی / خبر ایجنسیاں  منگل 12 مئ 2020
کورونا ٹیسٹ پر خدشات دورکریں،وینٹی لیٹرکی دستیابی یقینی بنائیں، بجٹ میں عام آدمی کاخیال رکھنے کی ہدایت  ۔  فوٹو : فائل

کورونا ٹیسٹ پر خدشات دورکریں،وینٹی لیٹرکی دستیابی یقینی بنائیں، بجٹ میں عام آدمی کاخیال رکھنے کی ہدایت ۔ فوٹو : فائل

 اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت کورونا وائرس کی صورتحال اور معاشی ٹیم کے الگ الگ اجلاس ہوئے۔ وزیر اعظم نے کہاوبا کے باعث عام آدمی سب سے زیادہ متاثرہوا، بجٹ میں اس کا خاص خیال رکھا جائے جبکہ تعمیراتیصنعت کوسہولت دی  جائے ۔

معاشی صورتحال، عوام کے مسائل اور دیگرملکوں کی صورتحال مد نظر رکھ کر لاک ڈاؤن میں بتدریج نرمی کی گئی تاکہ توازن برقرار رکھا جا سکے تاہم  حفاظتی اقدامات کو نظر انداز نہیں کرنا چاہیئے، کورونا ٹیسٹ کے حوالے سے بعض حلقوں کے خدشات دورکئے جائیں، عوام کو ترغیب دی جائے کہ وہ  علامات پرخود ٹیسٹ کرائیں،گھر پر قرنطینہ کرنے کے متعلق انھیں معلومات دی جائیں ۔وزیرِ اعظم نے ہدایت کی طبی عملے  کو حفاظتی سامان کی فراہمی، وینٹی لیٹر کے بہترین استعمال اور آسانی سے میسر آنے کیلئے مربوط حکمت عملی بنائی جائے۔

وزیراعظم عمران خان نے زرعی اور توانائی ضروریات پوری کرنے کیلئے پانی  کے تحفظ اور ڈیموں کی تعمیر سے متعلق اجلاس میں کہایہ موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے، ڈیموں کی تعمیر سے زرعی ضروریات کے لئے پانی کی دستیابی کے ساتھ سستی بجلی کے حصول میں مدد ملے گی۔ دیامر بھاشا ڈیم کا تعمیراتی کام فوری شروع کیا جائے اس ڈیم کی تعمیر سے تربیلا کی زندگی میں 35 سال اضافہ ہوگا اور 12 لاکھ 20 ہزار ایکڑ زمین سیراب ہوگی جبکہ علاقے کی سماجی ترقی پر 78 ارب 50 کروڑ روپے خرچ کئے جائیں گے۔ یہ ڈیم سیلاب کی روک تھام میں مددگارہوگا اور ہر سال اربوں روپے کے نقصان سے بچائے گا۔

وزیراعظم کو داسو ڈیم کی پیش رفت سے آگاہ کرنے کے علاوہ بتایا گیاکہ ضلع جھل مگسی میں نولانگ ڈیم کے لئے فنڈز کا انتظام ہو گیا ہے، اس پر کام اگلے سال شروع ہوگا۔وزیراعظم کو مہمند ڈیم کے تعمیراتی کام سے بھی آگاہ کیاگیا۔ وزیراعظم نے  کام کے معیار پر نظر رکھنے اور منصوبوں کی بروقت تکمیل  یقینی بنانے پر زور دیا۔وزیراعظم سے معاون خصوصی عثمان ڈار نے ملاقات کی اورٹائیگر فورس متحرک کرنے کے بعد پہلی رپورٹ پیش کی کہ رجسٹرڈ نوجوان محنت اور لگن کے ذمہ داریاں نبھا رہے ہیں، یونین کونسل کی سطح پر بے روزگاروں کے اندراج میں بھی مدد ملی۔

صوبوں سے موصول رپورٹس تسلی بخش اور حوصلہ افزاء ہیں۔ انہوں نے سندھ حکومت کے عدم تعاون کی شکایت کی کہ وہاں ایک لاکھ 54 ہزار نوجوان رجسٹرڈ ہیں لیکن صوبائی حکومت تعاون نہیں کر رہی۔ وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس آج ہوگا،بعض وزرا ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔